Sunday, September 8, 2024

نواز کی نااہلی برقرار، سپریم کورٹ نے پاناما فیصلے پر نظرثانی کی درخواستیں خارج کر دیں

نواز کی نااہلی برقرار، سپریم کورٹ نے پاناما فیصلے پر نظرثانی کی درخواستیں خارج کر دیں
September 15, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے پانامہ کیس کے فیصلے کے خلاف سابق وزیراعظم نوازشریف،ان کے بچوں، داماد کیپٹن (ر) صفدر اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی نظر ثانی اپیلیں خارج کردیں۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ نے مختصر فیصلہ پڑھ کر سنایا۔ ۔فیصلے میں عدالت نے اپنے 28جولائی کے فیصلے کو برقرار رکھا۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیئے کہ یہ فیصلہ مختصر ہے۔تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائیگا۔ انہوں نے نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث ، حسن ۔حسین اور مریم نواز کے وکیل سلمان اکرم راجہ کو روسٹرم پر بلا یا اور دلائل دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

اس سے پہلے جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ نے نظر ثانی اپیلوں کی سماعت کی تو نوازشریف کے بچوں کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے اپنے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وہ نگران جج اور جے آئی ٹی سے متعلق خواجہ حارث کے دلائل ہی اپنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ کیپٹن (ر)صفدر کی بھی وکالت کر رہے ہیں۔ کیپٹن (ر) صفدر کا لندن فلیٹس سے کوئی تعلق ہے نہ جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ میں ایسالکھا۔عدالت نے ان کےخلاف بھی ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیدیا۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیئے کہ کیپٹن (ر) صفدر کا لندن فلیٹس سے کوئی تعلق تو ضرور ہے۔ان کی اہلیہ نے لندن فلیٹس سے انکار کیا۔۔کیپٹن(ر) صفدر نے مریم نواز کی ٹرسٹ ڈیڈ پر دستخط کئے۔ لندن فلیٹس کی ملکیت سے متعلق تحقیقات ہونے دیں اور شواہد سامنے آنے دیں۔

سلمان اکرم راجہ کے دلائل مکمل ہونے پر لارجر بنچ نے پانامہ کیس کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواستوں کا فیصلہ محفوظ کیا ۔جو 11 بج کر 10منٹ پر سنایا گیا۔