Friday, May 17, 2024

نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع

نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع
February 6, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرا دی گئیں ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں نواز شریف کی طبی بنیاد پر درخواست ضمانت کی سماعت  ہوئی ، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل 2 رکنی ڈویژن بینچ نے نوازشریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست پر سماعت کی ۔ وکیل نواز شریف نے  درخواست کی کہ میڈیکل کا معاملہ ہے ، عدالت  کل ہی کیس کو  مقرر کرے  ، عدالت نے سماعت منگل تک ملتوی کرتے ہوئے نیب سے جواب طلب کرلیا ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش کردہ رپورٹ کے مطابق نواز شریف کو دل کی شریانوں کا مرض لاحق ہے ، بلڈ شوگر اور بلڈ چارٹ کو معمول پر رکھنا ضروری ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ نوازشریف کو ایسے اسپتال میں رکھا جائے جہاں 24 گھنٹے بہترین طبی سہولتیں میسر ہوں۔ جسٹس عامر فاروق نے خواجہ حارث کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ آپ کی سزا معطلی سے متعلق ایک درخواست پہلے بھی سماعت کیلئے مقرر ہے ،دونوں درخواستوں 18 فروری کو سماعت کیلئے مقرر کردیتے ہیں ۔ نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے سزا معطلی کی پہلی درخواست واپس لینے اور طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست کل سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا کردی اور کہا اب حالات ایسے ہیں کہ عدالت طبی بنیادوں پرضمانت کی درخواست کو سنے ، 18 فروری کی تاریخ بہت دور ہے۔ عدالت نے نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس کی نقول نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث اور نیب پراسیکیوٹر کو فراہم کرنے کی ہدایت کردی ، نیب کو بھی درخواست پر شق وار جواب داخل کرانے کا حکم  دے دیا ۔ عدالت نے قرار دیا کہ 12 فروری کو محکمہ داخلہ پنجاب کا نمائندہ بھی پیش ہو ، دیکھنا چاہتے ہیں درخواست کیا آئی اور بورڈ کس لیے بنا؟۔