Friday, May 17, 2024

نواز شریف کی مستقل ضمانت کی نظر ثانی درخواست 3 مئی کو سماعت کے لیے مقرر

نواز شریف کی مستقل ضمانت کی نظر ثانی درخواست 3 مئی کو سماعت کے لیے مقرر
April 30, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) نواز شریف کی مستقل ضمانت کی نظر ثانی درخواست 3 مئی کو سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔ سپریم کورٹ میں نواز شریف کی مستقل بنیادوں پر ضمانت کے لیے نظر ثانی درخواست پر سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کرے گا ۔ جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس یحیٰ آفریدی بنچ کا حصہ ہوں گے ۔ سپریم کورٹ میں نواز شریف کی جانب سے عبوری ضمانت میں توسیع کے لیے ایک اور متفرق درخواست دائر کر دی گئی جس میں کہا گیا ہے نظرثانی درخواست پر فیصلہ ہونے تک 6 ہفتوں کی ضمانت میں توسیع کی جائے ۔ دوسری جانب شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کے معاملے پر نیب نے 188 صفحات پر مشتمل اضافی دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کرا دیں جن میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کا ریفرنس ، ضمنی ریفرنس ، ضمنی تحقیقاتی رپورٹ اور دیگر دستاویزات شامل ہیں ۔ سپریم کورٹ میں شہباز شریف اور فواد حسن فواد کی ضمانت منسوخی کی سماعت دو مئی کو ہو گی ۔