Friday, April 26, 2024

نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست کی سماعت 26 مارچ تک ملتوی

نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست کی سماعت 26 مارچ تک ملتوی
March 19, 2019


اسلام آباد (92 نیوز ) سپریم کورٹ  نے نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست پر سماعت 26 مارچ تک ملتوی کر دی ۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ  نے کیس کی سماعت کی ۔

نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل میں کہا کہ نواز شریف کا علاج ابھی تک شروع نہیں ہوسکا ،عدالت کئی  مقدمات میں طبی بنیادوں پر ضمانت دے چکی، موکل کا سارا علاج ہمیشہ بیرون ملک ہوا، انہیں کو مرضی کے ڈاکٹروں سے علاج کرانے دیا جائے۔

چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ  باہر جانے والے کبھی واپس نہیں آتے،  جن کا ٹرائل ہو رہا ہے وہ بھی واپس نہیں آئے، سزا یافتہ کیسے واپس آئے گا؟۔

دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیے کہ پہلی رپورٹ میں ملزم کی عمر 65 برس ، دوسری میں 69 برس لکھی ہے  ، چند دنوں میں  عمر 4سال بڑھا دی گئی ۔

چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ نواز شریف کی عارضہ قلب ، گردے ، شوگر اور ہائی بلڈ پریشر کی ہسٹری ہے ، میڈیکل رپورٹس دیکھنے کا مقصد نواز شریف کی صحت کا جائزہ لینا ہے ۔

عدالت نے کیس کی سماعت 26 مارچ تک ملتوی کر دی ۔

نواز شریف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب  سے ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر رکھی ہے ۔