Saturday, April 27, 2024

نواز شریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی کیلئے درخواست، فریقین کونوٹسز جاری

نواز شریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی کیلئے درخواست، فریقین کونوٹسز جاری
October 25, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) سروسز اسپتال میں زیر علاج نواز شریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی  کیلئے درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی ، عدالت نے  فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ طبی بنیادوں پر نواز شریف کی سزا معطل ہو گی یا نہیں ، اسلام آباد ہائیکورٹ کا خصوصی بینچ شہباز شریف کی درخواست پر کل سماعت کریگا ،  وفاق اور پنجاب سیکرٹریز داخلہ اور چیف سیکرٹری پنجاب سمیت فریقین کو نوٹسز جاری کر دئے گئے ہیں ،  عدالت نے ملزم کی میڈیکل رپورٹس بھی طلب کر رکھی ہیں ۔ العزیزیہ ریفرنس میں  نوازشریف کی طبی بنیادوں پرسزا معطلی کیلئے شہباز شریف کی درخواست پر جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس عامرفاروق پرمشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا نوازشریف خود درخواست دائر کرنے کی حالت میں نہیں ،  اگر نواز شریف خود دستخط کر سکتے ہیں تو ان کو خود سے درخواست دائر کرنے دیں ، کل اگروہ کہہ دیں کہ انہوں نے تو درخواست دائر کرنے کا کہا ہی نہیں تھا؟۔ وکیل خواجہ حارث کا نے کہا کہ اگر نوازشریف ایسا کہہ بھی دیتے ہیں تو فرق نہیں پڑتا ، عدالتی نظیریں موجود ہیں کہ قریبی رشتہ داروں نے درخواستیں دائر کیں جن پرفیصلے بھی ہوئے۔ عدالتی استفسار پر بتایا گیا کہ نواز شریف کا بون میرو وائٹ بلڈ سیلز پیدا نہیں کررہا ، ان کے پلیٹیٹس کی تعداد خطرناک حد تک گرچکی، کسی بھی وقت کچھ بھی ہوسکتا ہے ۔ سماعت جمعہ کو کرنے کی استدعا کی تو عدالت نے منظور کرلی عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسزجاری کر دیے ، ساتھ ہی عدالتی عملے کو حکم دیا کہ فریقین کو فون کرکے آگاہ کیا جائے ۔ عدالت نے میڈیکل بورڈ کے نمائندے کو بھی نوازشریف کی حالیہ میڈیکل رپورٹس سمیت طلب کرلیا۔