Friday, March 29, 2024

نواز شریف کی طبی بنیادوں پر دائر درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر

نواز شریف کی طبی بنیادوں پر دائر درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر
January 26, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) نواز شریف کی طبی بنیادوں پر دائر درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر کر لی گئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کا ڈویژن بینچ پیر کو نواز شریف کی درخواست پر سماعت کرے گا۔ بنچ میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی شامل ہیں۔ العزیزیہ ریفرنس میں سزا کاٹنے والے نوازشریف نے دوبارہ اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔ میڈیکل گرائونڈ پر نئی درخواست دائر کر دی۔ موقف اختیا کیا کہ انہیں عارضہ قلب لاحق ہے۔ 3 بار ہارٹ سرجری بھی ہو چکی  ہے۔ میڈیکل بورڈ نے بھی خصوصی علاج کیلئے اسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی ہے۔ درخواست میں بتایا کہ سزا کے خلاف مرکزی اپیل زیر سماعت ہے جس کے فیصلے تک احتساب عدالت کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا کر دی۔ نوازشریف نے درخواست کے ساتھ خصوصی میڈیکل بورڈ کی رپورٹس بھی لگا دیں۔ چیئرمین نیب ، جج احتساب عدالت اور سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کو فریق بنایا۔ عدالت نے نواز شریف کی مرکزی اپیل اور سزا معطل کرنے کی درخواست 18 فروری کو سماعت کیلئے مقرر کر رکھی ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار اور خرم شیر زمان سابق صدرآصف علی زرداری کی نااہلی کیلئے سپریم کورٹ کے بعد اب اسلام آباد ہائی کورٹ کا رخ کریں گے۔ وہ 28 جنوری کو عدالت عالیہ میں رٹ پٹیشن دائر کریں گے۔ سپریم کورٹ نے دونوں رہنمائوں کی درخواستوں پر اعتراض لگاتے ہوئے مناسب فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔