Tuesday, April 23, 2024

نواز شریف کی سزا معطلی کا فیصلہ حکومت تسلیم کرتی ہے، فردوس عاشق

نواز شریف کی سزا معطلی کا فیصلہ حکومت تسلیم کرتی ہے، فردوس عاشق
October 29, 2019
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نواز شریف کی سزا معطلی کا فیصلہ حکومت تسلیم کرتی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا ابھی اطلاع ملی ہے میاں صاحب کی ضمانت منظور کی گئی ہے۔ وزیر اعظم کہہ چکے ہیں کیس میں حکومت پاکستان مدعی نہیں تھی۔ نیب اس کیس میں مدعی تھی، عدالت کے پاس سزا کو معطل کرنے کا اختیار ہے، ہمارا کام بہتر علاج معالجہ کی سہولت دینا تھا جو ہم نے دی ہے۔ فردوس عاشق اعوان بولیں ڈاکٹرز کے بورڈ اور نیب کے نقطہ نظر کے مطابق عدالت نے فیصلہ دیا ہے۔ وفاقی حکومت اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ قبول کرتی ہے۔ انہوں نے کہا نواز شریف کی طرف سے بیرون ملک جانے کی درخواست عدالت میں نہیں آئی۔ حکومت کے پاس دل میں چھپے راز جاننے کا کوئی نظام نہیں۔ جب عدالت حکومت سے پوچھے تو پھر ہم جواب دیں گے۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا ہم پرامید ہیں کہ میاں صاحب اس دوران اپنے علاج پر توجہ دیں گے۔ ہم صحت مند نواز شریف کو اپنا سیاسی حریف دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہم جمہوری لوگ ہیں، سیاسی مقابلہ سیاسی اکھاڑے میں کریں گے۔