Friday, April 19, 2024

نواز شریف کی حالت میں اتار چڑھاؤ ، صحت گرتی کبھی سنبھل جاتی ہے

نواز شریف کی حالت میں اتار چڑھاؤ ، صحت گرتی کبھی سنبھل جاتی ہے
October 27, 2019
لاہور ( 92 نیوز) نواز شریف کی حالت میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے ،  صحت کبھی سنبھل جاتی ہے تو کبھی خراب ہو جاتی ہے ۔ گزشتہ  رات  دل کا معمولی دورہ بھی پڑا، پی آئی سی کے ڈاکٹرز کی ڈیوٹی بھی لگادی گئی، اہلخانہ کے سوا کسی کو ملاقات کی اجازت نہ ملی۔ لیگی قائدکی صحت بدستور خراب ہے ، دل کا معمولی دورہ پڑنے پر پی آئی سی کے ڈاکٹرز بھی تعینات کر دیے گئے، صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی ہلکے ہارٹ اٹیک کی تصدیق کی ہے۔ میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر محمود ایاز کا کہنا ہے نوازشریف کی دل کے حوالے سے حالت تشویشناک نہیں،ڈاکٹر طاہرشمسی نے کہا پلیٹ لیٹس45ہزار ہوگئے، صحت بہتر رہی تو سات دن تک ڈیڑھ لاکھ تک ہوجائیں گے۔ نوازشریف کی والدہ نے بیٹے کی اسپتال آکر عیادت کی،ایم کیو ایم اور جے یوآئی ف کے وفود نوازشریف سے ملنے پہنچے مگراسپتال انتظامیہ نے روک دیا، مولانا لطف الرحمٰن نے نواز شریف کی صحت یابی کیلئے دعا بھی کرائی۔ نوازشریف اور مریم کے زیرعلاج ہونے پر ن لیگی کارکنوں نے اسپتال کے گیٹ نمبر3کے باہر کیمپ لگالیا، سکیورٹی اہلکار بھی تعینات کر دیے گئے ۔