Wednesday, May 8, 2024

نواز شریف کی حالت بہتر، ڈینگی ٹیسٹ منفی آئے ، ترجمان نیب

نواز شریف کی حالت بہتر، ڈینگی ٹیسٹ منفی آئے ، ترجمان نیب
October 22, 2019
لاہور ( 92 نیوز)ترجمان نیب نے بتایا کہ  نواز شریف کی حالت بہتر ہے ، ڈینگی ٹیسٹ منفی آئے ، نواز شریف کو ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے ادویات دی تھیں جن کے باعث ان کے خون میں کمی آئی ۔ نیب ترجمان کے مطابق سروسز اسپتال میں نواز شریف کی دیکھ بھال کے لئے ڈاکٹرز کی ٹیم تعینات کی گئی ہے جو 24 گھنٹے طبی امداد فراہم کر رہی ہے ،   نواز شریف کے ذاتی معالج بھی تین گھنٹے تک ان کے ساتھ رہے ، ذاتی معالج کو نہ ملنے دینے کا تاثر غلط ہے۔ نیب لاہور کی زیر حراست نواز شریف کی طبیعت گزشتہ رات خراب ہو گئی تھی جس کے باعث انہیں لاہور کے سروسز اسپتال منتقل کیا گیا تھا ، میڈیکل بورڈ کی جانب سے سابق وزیراعظم کا معائنہ کیا گیا جب کہ آج مزید ٹیسٹ ہونگے۔ ترجمان نیب نے بتایا کہ شہباز شریف کی درخواست پر انہیں نواز شریف سے ملاقات کی خصوصی اجازت دی گئی ۔سروسزاسپتال کاوی آئی پی کمرہ نیب کی سب جیل قرار دے دیا گیا ہے ۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف  بھائی کی عیادت کے لیے پہنچے  ، میڈیا سے ٖغیر رسمی گفتگو  میں انکا کہنا تھاکہ نوازشریف کے پلیٹ لیٹس  خطرناک حدتک کم ہو گئے تھے،شریف فیملی اور ڈاکٹرز کو فکر ہے کہ نوازشریف کے کس طرح اچانک پلیٹ لیٹس کم ہو گئے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ  پنجاب سردار عثمان بزدار نے نواز شریف کو علاج معالجے  کی بہترین سہولیتیں فراہم کرنے کی ہدایت کردی،وزیراعلیٰ پنجاب کا  مزیدکہنا تھا کہ نواز شریف کے علاج معالجے کیلئے ان کے ذاتی معالج سے بھی مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے۔ ذرائع کے مطابق پرنسپل سمز میڈیکل کالج پروفیسرمحمود ایاز میڈیکل کی سربراہی میں میڈیکل بورڈ نواز شریف کا طبی معائنہ کررہا ہے لیکن بورڈ میں کسی ہاٹ اسپیشلٹ کو شامل نہیں کیا گیا۔