Friday, April 26, 2024

نواز شریف کی جناح اسپتال کی نئی میڈیکل رپورٹ طلب

نواز شریف کی جناح اسپتال کی نئی میڈیکل رپورٹ طلب
February 18, 2019
 اسلام اباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی جناح اسپتال کی نئی میڈیکل رپورٹ طلب کرلی۔ طبی بنیاد پر دائر نواز شریف کی درخواست ضمانت پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کی۔ خواجہ حارث نے طبی بنیاد پر سزا معطلی کے حق میں دلائل دیئے۔ مختلف عدالتی فیصلوں کے حوالے بھی دیئے اور کہا مختلف مثالیں موجو د ہیں انتہائی نوعیت  کے حالات میں سزا معطل یا ضمانت ہوسکتی ہے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ کیا میڈیکل بورڈ نواز شریف کی صحت پر حتمی رائے دے چکا ہے۔ نوازشریف کس اپستال میں زیر علاج ہیں جس پر خواجہ حارث نے کہا ابھی وہ جناح اسپتال میں ہیں لیکن اسپتال میں امراض قلب کے ماہر ڈاکڑ نہیں۔ دل کا علاج پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی  میں بہتر ہو سکتا ہے۔ عدالت نے پنجاب حکومت سے نواز شریف کی موجودہ صحت کی صورتحال سے متعلق پوچھ لیا۔ نمائندہ پنجاب حکومت کو ہدایت کی کہ وہ صوبائی حکومت سے تفصیلات لیکر آگاہ کریں۔ آئندہ سماعت پر نواز شریف کی نئی میڈیکل رپورٹ بھی پیش کرنے کا حکم سنا دیا۔ عدالت نے سزا معطلی کی درخواست 20 فروری تک ملتوی کردی۔ فلیگ شپ ریفرنس کا مکمل ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کردیا گیا۔ العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی مرکزی اپیل 9 اپریل جبکہ فلیگ شپ ریفرنس  میں بریت کیخلاف نیب کی اپیل 2 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔