Friday, April 26, 2024

نواز شریف کی تازہ میڈیکل رپورٹ محکمہ داخلہ پنجاب کو موصول

نواز شریف کی تازہ میڈیکل رپورٹ محکمہ داخلہ پنجاب کو موصول
January 14, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) نواز شریف کی تازہ میڈیکل رپورٹ محکمہ داخلہ پنجاب کو موصول ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ محکمہ صحت کو بھجوائی جائے گی۔ میڈیکل بورڈ کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضمانت میں توسیع کے متعلق فیصلہ ہو گا۔ رپورٹ ڈاکٹر عدنان نے حکومت کو بھجوائی۔ قبل ازیں وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے وائرل ہونے والی تصویر کے پیش نظر پرانی رپورٹس مسترد کر دی تھیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف سیر سپاٹے کر رہے ہیں ، ان کے ڈاکٹرز کہتے ہیں کہ ان کی حالت خراب ہے ۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا نواز شریف کو صحت پر دی گئی ضمانت کی مدت 25 دسمبر کو ختم ہوئی ،27 دسمبر کو نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے میڈیکل رپورٹ بھجوائی، رپورٹ کی بنیاد پر میڈیکل بورڈ کا اجلاس طلب کیا گیا، رپورٹ ایسا کچھ بھی نیا نہیں تھا، وہی پرانی باتیں تھیں، جن کا ہم کو پہلے ہی پتا ہے، رپورٹ میں نوازشریف کی پرانی طبی تشخیص بھجوائی گئی، میڈیکل بورڈ نے کہا کہ نوازشریف کی رپورٹس نامکمل ہیں۔ وزیر صحت پنجاب نے کہا تھا کہ میں نے کل نواز شریف کو چائے پیتے دیکھا تو پھر ان کے معالج کو فون کیا اور پوچھا کہ آپ کہتے ہیں نواز شریف کی حالت بہت خراب ہے اور وہ سیر سپاٹے کرتے پھرتے ہیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جس کے بارے میں کہا جا رہا ہو کہ وہ تشویش ناک حالت میں ہیں تو ان کے ساتھ تو ڈاکٹر کو ہر وقت ہونا چاہئے،ہوا خوری ریسٹورنٹ میں نہیں بلکہ باہر ہوتی ہے، مریم نواز بھی کہہ رہی ہیں کہ والد کی تیمار داری کیلئے جانا ہے ۔