Tuesday, April 23, 2024

نواز شریف کی بیماری ، میڈیکل رپورٹ پر قائم ہوں ، یاسمین راشد

نواز شریف کی بیماری ، میڈیکل رپورٹ پر قائم ہوں ، یاسمین راشد
November 25, 2019
لاہور ( 92 نیوز) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نواز شریف کی بیماری اور میڈیکل رپورٹ پر قائم ہیں ، بولیں  کہ  کبھی نہیں کہا نواز شریف چل پھر نہیں سکتے ۔ نواز شریف کی بیماری کے معاملے پر پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اپنے موقف پر قائم ہیں ، کہا کہ عدالت نے نواز شریف کو میڈیکل بورڈ کی سفارش پر ہی علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی۔ اپنے انٹرویو میں صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کا معائنہ کرنے کے بعد رپورٹس کی بنیاد پر انہیں ابتدائی طبی سہولیات فراہم کیں اور میڈیکل بورڈ اپنی تجاویز پر قائم ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا پاکستان میں جو سہولیات انسانی ہمدردی کے تحت نواز شریف کو فراہم کی جاسکتی تھیں وہ کی گئیں ،  انہیں یہ پیشکش بھی کی گئی کہ وہ اگر باہر سے کسی ڈاکٹر کو بلوانا چاہیں تو بلوا سکتے ہیں۔ انٹرویو میں جب ان سے نواز شریف کی بیماری پر اٹھتے سوالات کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا میڈیکل بورڈ یا ہم نے نواز شریف کی بیماری اور علاج سے متعلق رائے دی مگر کبھی یہ نہیں کہا کہ وہ چل پھر نہیں سکتے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کی تجویز تھی کہ نواز شریف کے بعض ٹیسٹ بیرون ملک ہی ہوسکتے ہیں۔