Saturday, April 20, 2024

نواز شریف کی اہلخانہ کے ہمراہ چائے پینے کی تصویر وائرل، سوشل میڈیا پر گرما گرم بحث چھڑ گئی

نواز شریف کی اہلخانہ کے ہمراہ چائے پینے کی تصویر وائرل، سوشل میڈیا پر گرما گرم بحث چھڑ گئی
May 30, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) نواز شریف کی لندن میں فیملی کے ہمراہ چائے پینے کی تصویر وائرل ہوگئی ،  وفاقی وزیر فواد چودھری نے تصویر کو ٹویٹ کرتے ہوئے نظام انصاف پر سوال اٹھادیا جس پر مریم نواز نے ردعمل دیا جو لوگ آئی سی یو میں جاسکتے ہیں ان کے لئے گھر کی چھت پر جانا کون سا مشکل کام ہے۔

لیگی قائد نواز شریف کی لندن میں اپنی فیملی کے ہمراہ چائے پیتے ہوئے تصویرپر سوشل میڈیا پر گرما گرم بحث ہو رہی ہے۔

وفاقی وزیر فوادچودھری نےبھی اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے یہ تصویر شئیر کرتے ہوئےلکھا۔یہ تصاویر ہمارے عدالتی نظام کا منہ چڑاتی ہیں،تصویریں بتاتی ہیں عوام احتساب کے نظام پر کتنا اعتماد کرسکتے ہیں؟۔

جواب میں نواز شریف کی صاحبزادی مریم صفدر نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ نواز شریف کو دیکھ کر مخالفین کے اوسان خطا ہوتے ہیں، تصویر کا مقصد تشہیرنہیں تذلیل تھا۔

مریم کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ زبردستی آئی سی یو میں گھس کر ان کی بیہوش ماں کی تصاویر بنانے کی کوشش کرسکتے ہیں ان کے لیے میاں صاحب کی گھر کی چھت پر خواتین سمیت چھپ کر تصویر بنانا کیا مشکل ہے۔

مریم نواز نے ٹویٹ میں کہا کہ اتنا ہی نیک کام تھا تو بزدلوں کی طرح چھپ کر کیوں کیا؟۔

مریم نواز کے ٹویٹ کے جواب میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کا خوف؟، ایک جھوٹ بول کر بھاگی ہوئی شخصیت سے کیا خوف ہو سکتا ہے کسی کو۔آپ خوفزدہ ہیں کہ کس طرح بچائیں لوٹی ہوئی دولت سے بنائی لندن  کی وہ پراپرٹیاں جو آپ کی کبھی تھی نہیں ،ڈریں آپ لوگ اللہ کی سزا سے۔

شہباز گل کا مزید کہنا تھا کہ آپ تو کہتی تھیں لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں تھی ؟ آپکو تو اس جھوٹ پر بھی فخر ہو گا۔یعنی الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے!۔

انہوں  نے کہا کہ محترمہ آپ شدید غلط فہمی کا شکار ہیں؛پاکستانی عوام اس تصویر کو دیکھ کرغصے میں ہیں کہ کس طرح ایک سندیافتہ مجرم نے نظام کا مذاق اڑایا اور فرارہوگیا۔