Tuesday, April 23, 2024

نواز شریف کی اپیلیں جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی درخواست پر آج سماعت ہو گی

نواز شریف کی اپیلیں جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی درخواست پر آج سماعت ہو گی
January 8, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) نواز شریف کی اپیلیں جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔ اسلام اباد ہائی کورٹ نے دو رکنی بینچ تشکیل دے دیا۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بینچ آج سماعت کرے گا۔ جلد سماعت کے لئے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطلی کی درخواست پر سماعت ہوئی مگر مرکزی اپیل سماعت کے لیے مقرر نہ ہونے کے باعث کوئی کارروائی نہ ہو سکی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ سزا معطلی اور ضمانت پر رہائی کی درخواست مرکزی اپیل کے ساتھ سنی جائے گی۔ لہذا اپیل کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے تاکہ سزا معطلی کی درخواست پر بھی سماعت ممکن ہو سکے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی درخواست پر جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بنچ تشکیل دے دیا۔ دو رکنی بینچ کل دن بارہ بجے کیس کی سماعت کرے گا۔ نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے 7 سال قید ، 10 سال نا اہلی اور بھاری جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے ۔ نواز شریف ان دنوں کوٹ لکھپت جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں۔ احتساب عدالت نے نواز شریف کو فلیگ شپ ریفرنس میں شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کیا تھا جس کے خلاف نیب نے بھی اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔