Thursday, April 18, 2024

اسلام آبادہائیکورٹ،نوازشریف کی اپیل،سزا معطلی کی درخواست 21جنوری کو سماعت کیلئے مقرر

اسلام آبادہائیکورٹ،نوازشریف کی اپیل،سزا معطلی کی درخواست 21جنوری کو سماعت کیلئے مقرر
January 10, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) العزیزیہ ریفرنس میں 7سال قید سزا پانے والے نواز شریف کی احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل اور سزا معطلی کی درخواست 21 جنوری کو سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ۔ نواز شریف کی جانب سے عدالت عالیہ میں اپیل کی جلد سماعت کیلئے درخواست کی گئی تھی ، عدالت نے  درخواست منظور کرتے ہوئے اپیل  کو جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کاحکم دیا تھا ۔ احتساب عدالت کی جانب سے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو مجرم قرار دیتے ہوئے 7سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی ۔ نواز شریف ان دنوں کوٹ لکھپت جیل میں  سزا کاٹ رہے ہیں ۔ مجرم کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی تھی جب کہ ساتھ ہی استدعا کی گئی تھی کہ اپیل کا فیصلہ آنے تک سزا معطل کی جائے ۔ احتساب عدالت نے نواز شریف  کو فلیگ شپ ریفرنس میں  شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کیا تھا  ، جس کے خلاف نیب  نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے ۔ نیب کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ پختہ ثبوت فراہم کرنے کے باوجود نواز شریف کو بری کیا گیا جب کہ نیب نے العزیزیہ ریفرنس میں کم سزا دینے پر بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل کی ۔ اپیل میں موقف اپنایا گیا کہ نیب قانون کے مطابق سزا 14 برس قید بنتی ہے ، احتساب عدالت نے مجرم کو کم سزا سنائی ہے ۔