Friday, May 17, 2024

نوازشریف کی طبی بنیاد پر ضمانت کی سماعت 6 فروری تک ملتوی

نوازشریف کی طبی بنیاد پر ضمانت  کی سماعت 6 فروری تک ملتوی
January 28, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز )  نوازشریف کی جانب سے طبی بنیاد پر ضمانت کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی گئی ۔ احتساب عدالت سے العزیزیہ ریفرنس میں سزا پانے والے نوازشریف نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے  طبی بنیاد پر ضمانت کی  درخواست دائر کی ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے  نوازشریف کی درخواست پر فریقین  کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے اگلے ہفتے تک جواب طلب کر لیا ۔ نواز شریف کی اصل میڈیکل رپورٹس بھی طلب کر لی گئیں ۔ جسٹس عامر فاروق  اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے نوازشریف کی درخواست ضمانت پر سماعت کی ۔ نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیے کہ یہ درخواست سزا معطلی سے متعلق درخواست میں اضافہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ  نوازشریف کی فیملی کو ان کی صحت سے متعلق تشویش ہے، یہ درخواست علیحدہ سن لیں ، سزا معطلی کی درخواست آئندہ پیر کے روز سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا کردی ۔ جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کیا کوئی علاج رپورٹ میں تجویز کیا گیا ، خواجہ حارث نے دو رپورٹس پڑھ کر سنائیں  کہا کہ نوازشریف کو گردے میں تیسرے درجے کی بیماری ہے ، میڈیکل بورڈ نے اسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی۔ عدالت نے نئے میڈیکل بورڈ کی تیار کردہ رپورٹ سمیت تمام میڈیکل رپورٹس طلب کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیا ۔ کیس کی دوبارہ سماعت 6 فروری کو ہوگی۔ خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ 25 جنوری کو نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے ، میرے علم میں نہیں کہ اسپیشل بورڈ نے معائنہ کیا ہے یا نہیں ۔ العزیزیہ ریفرنس میں مجرم  کو 1.5ملین پاؤنڈ کا جرمانہ بھی کیا گیا تھا ، عدالت نے العزیزیہ ریفرنس کیس میں  نواز شریف کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دے دیا تھا ۔ ریفرنس میں نواز شریف کے  صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز کو مفرور قرار دیتے ہوئے  دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔