Sunday, September 8, 2024

نواز شریف کو لندن پہنچے ہی کارکنوں کے آپس میں جھگڑے کا سامنا کرنا پڑا

نواز شریف کو لندن پہنچے ہی کارکنوں کے آپس میں جھگڑے کا سامنا کرنا پڑا
August 31, 2017

لندن (92 نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف لندن میں اپنی رہائش گاہ پہنچے تو استقبال کے بجائے کارکنوں کے آپس میں جھگڑے کا سامنا کرنا پڑا۔ ن لیگیوں نے ایک دوسرے کی خوب درگت بنائی۔ گالم گلوچ بھی ہوئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا۔

عدالتی فیصلے کے بعد نااہل ہونے والے نوازشریف لندن پہنچے تو گھر کے باہر ایک نئی مشکل آن پڑی۔ جی ہاں۔ جیسے ہی لندن میں اپنے گھر پہنچے تو استقبال کے لئے آنے والے کارکن اچانک آپس میں لڑے پڑے۔

اپنے قائد کا استقبال کرنا بھول کر کارکن آپس میں دست گریباں ہو گئے۔ گھونسے چلے، تو لاتوں کا بھی بھرپور استعمال ہوا، کسی نے دوسرے پر تھپڑوں کی بارش کر کے دل کی خوب بھڑاس نکالی۔

نوازشریف گاڑی سے اترے اور میڈیا سے گفتگو کے بجائے خاموشی سے گھر کے اندر داخل ہونے میں ہی عافیت جانی۔ یوں میڈیا سے گفتگو کا پلان ملتوی کرنا پڑا۔

کارکن اس دوران خوب لڑے۔ اس موقع پر ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی بھی ہوئی جبکہ غلیظ زبان استعمال کی گئی۔ معاملہ زیادہ گرم ہوا تو پولیس نے انٹری ماری اور کارکنوں کو گھر سے پیچھے ہٹا دیا۔

سیاسی حریفوں نے اسے مسلم لیگ نون کی ایک اور ناکامی قرار دیا۔ نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو میں فواد چودھری نے کہا کہ قانون شکنی ان لوگوں کی روایت رہی ہے۔

لڑائی جھگڑے کے باعث نوازشریف کے لندن میں استقبال کا پروگرام تہس نہس ہو گیا۔

اب کارکن کیوں لڑے اور نوازشریف کا اگلا لائحہ عمل کیا ہوگا۔ اس کے لئے شاید ایک روز کا انتظار کرنا پڑے۔