Thursday, April 18, 2024

نواز شریف کو فلیگ شپ ریفرنس میں بری کرنیوالے جج بھی ارشد ملک ہیں

نواز شریف کو فلیگ شپ ریفرنس میں بری کرنیوالے جج بھی ارشد ملک ہیں
July 6, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) مریم نواز جس جج پر الزام لگا رہی ہیں کہ انہوں نے دباؤ میں آکر انصاف کے تقاضے پوری نہیں کیے، نوازشریف کو فلیگ شپ ریفرنس میں بری کرنیوالے جج بھی ارشد ملک ہی ہیں۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ارشد ملک  نے نواز شریف کے خلاف کرپشن کے دو کیسزالعزیزیہ  ریفرنس اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کی ۔ جج ارشد ملک نے العزیزیہ کیس میں  کرپشن ثابت ہونے پر نواز شریف کو  7 سال قید بامشقت  اور ڈیڑھ ارب روپے جرمانے کی سزا سنائی  گئی ، تاہم جج ارشد ملک ہی کی عدالت نے  نواز شریف کے  خلاف  فلیگ شپ ریفرنس  میں  ملزم کو   شک کا فائدہ دیتے ہوئے   بری  کیا۔ فاضل  جج کی جانب سے  دونوں کیسز  کے  عدالتی فیصلوں   سے واضح ہے کہ کرپشن ثابت  ہونے پر  نواز شریف کو  ایک  کیس میں سزا  سنائی گئی    جبکہ  دوسرے  کیس میں ٹھوس شواہد  نہ ہونے پر   بری کیا گیا۔ مریم نواز  کی آج  کی پریس کا نفرنس  میں  جج ارشد ملک  پر  نواز شریف کے خلاف کیسز    میں انصاف کے تقاضے پورے نہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا  جبکہ  فلیگ شپ ریفرنس میں یہی فاضل جج نواز شریف کو بری کر چکے ہیں ۔ ایسے میں فاضل جج کا نواز شریف کو فلیگ شپ کیس میں بری کرنا بھی متنازعہ تصور ہوگا تاہم مریم نواز نے پریس کانفرنس میں اس بارے  میں کوئی بیان نہیں دیا بلکہ صرف  سزا سنانے پر جج کو تنقید کا نشانہ بنایا۔