Friday, April 19, 2024

نواز شریف کا معاملہ اسحاق ڈار یا دوسروں سے مختلف ہے ، فروغ نسیم

نواز شریف کا معاملہ اسحاق ڈار یا دوسروں سے مختلف ہے ، فروغ نسیم
October 7, 2020
 لاہور (92 نیوز) وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کا کہنا ہے نواز شریف کا معاملہ اسحاق ڈار یا دوسروں سے مختلف ہے ۔ انہیں واپس لانا زیادہ  آسان ہے۔ پروگرام نائٹ ایڈیشن میں گفتگو کرتے ہوئے فروغ نسیم نے کہا نوازشریف  اور دیگر کیخلاف ایف آئی آر عام شہری نے درج کرائی ۔ ریاست اسے واپس لینے کا اختیار نہیں رکھتی۔ وزیر اعظم نے ڈی جی ایف آئی اے کو آرٹیکل 6 کا مقدمہ درج کرنے کا نہیں کہا۔ وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا پاکستان کے ساتھ برطانیہ کا قیدیوں سے تبادلوں کا معاہدہ نہیں ہے۔ نوازشریف کے خلاف سیاسی کیس نہیں تھا۔ نوازشریف پر پاناما کیس تھا جس میں عدالت نے انہیں نااہل قرار دیا۔ نوازشریف اس دوران شدید علیل ہو گئے۔ رپورٹس کے مطابق یہی لگتا تھا کہ کسی بھی دن شاید کچھ ہو جائے۔ جب نوازشریف کے جانے کا فیصلہ ہوا تو کابینہ نے 7 ارب کا بانڈ لینے کی شرط لگائی۔ لاہور ہائیکورٹ نے حکم جاری کیا بغیر بانڈ نوازشریف کو جانے دیا جائے۔ فروغ نسیم نے کہا نوازشریف اب مکمل صحت مند ہیں اور پارٹی کو لیڈ کر رہے ہیں۔ لندن کی عدالتیں پاکستان کی عدالتوں کا بہت احترام کرتی ہیں۔ نوازشریف کو واپس لانے میں عدالتوں کے فیصلوں کا بہت اہم کردار ہو گا۔ جب عدالتی فیصلے لندن کی عدالتوں میں جائیں گے تو نوازشریف کے لیے مشکلات پیدا ہوں گی۔ وزیرقانون نے مزید کہا ایسے کسی شخص کو جسے عدالت کہتی ہے کسی سیاسی جماعت کا سربراہ نہیں ہو سکتا اگر ن لیگ ایسے شخص کو اپنی جماعت کا سربراہ بنائے گی تو یہ توہین عدالت ہو سکتی ہے۔ ن لیگ کو اس حوالے سے احتیاط کرنی چاہئے۔