Friday, April 26, 2024

نواز شریف کا لندن برج اسپتال میں پھر طبی معائنہ، تقریباً دو گھنٹے اسپتال میں گزارے

نواز شریف کا لندن برج اسپتال میں پھر طبی معائنہ، تقریباً دو گھنٹے اسپتال میں گزارے
December 7, 2019
 لندن (92 نیوز) نواز شریف کا لندن برج اسپتال میں پھر طبی معائنہ کیا گیا۔ نواز شریف نے تقریباً دو گھنٹے اسپتال میں گزارے۔ لیگی قائد کا پی ای ٹی اسکین بھی اسی اسپتال میں ہوا تھا۔ شہباز شریف نے بھی بڑے بھائی سے ملاقات کی۔ میڈیا سے گفتگو میں عمران خان پربرس پڑے اور کہا عمران خان کا اوپر والا چیمبر خالی ہے۔ 2 سال عمران خان نے اورنج ٹرین کو لیٹ کر کے عوام سے ظلم کیا۔ ادھر مسلم لیگ ن نے حکومتی صفوں میں بڑھتی ہوئی بے چینی سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کر لیا۔ ان ہاؤس تبدیلی کے لیے مسلم لیگ حکومتی اتحادیوں سے جوڑ توڑ کرے گی۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف لیگی رہنماؤں کو حکومت سے ناراض اتحادی رہنماؤں سے  ابتدائی رابطوں کے حوالے سے اعتماد میں لیں گے۔ ذرائع کے مطابق لندن میں شہباز شریف لیگی رہنماؤں کو اہم ٹاسک سونپیں گے۔ مشاورت کے بعد لیگی رہنما ان ہاوس تبدیلی کے لیے اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیں گے۔ اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لینے کے بعد حکومت سے ناراض اتحادیوں سے بات چیت کی جائے گی۔ کامیابی کی صورت میں اپوزیشن کا مشترکہ طور پر وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا امکان ہے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پہلے ہی ان ہاوس تبدیلی کا عندیہ دے چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ناراض اتحادیوں کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد شہباز شریف نے لیگی رہنماوں کو مشاورت کے لیے لندن طلب کیا تھا۔