Sunday, September 8, 2024

نواز شریف کا قانونی جنگ کے ساتھ رابطہ عوام مہم بھی جاری رکھنے کا فیصلہ

نواز شریف کا قانونی جنگ کے ساتھ رابطہ عوام مہم بھی جاری رکھنے کا فیصلہ
August 15, 2017

لاہور(92نیوز)جاتی امرا رائے ونڈ میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت ن لیگی رہنماؤں کے اجلاس میں سیاسی صورتحال،آئینی ترامیم اور این اے ایک سو بیس کے حوالے حکمت عملی پر غور کیا گیا، نواز شریف نے قانونی جنگ کے ساتھ رابطہ عوام مہم بھی جاری رکھنےکا فیصلہ کیا ہے ۔

تفصیلات کےمطابق ایک اجلاس کے بعد دوسرا اجلاس ن لیگ کا اجلاس کا سلسلہ جاری ہے ۔ نوازشریف کی زیر صدارت جاتی امرا میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں ملک میں جاری سیاسی صورتحال ، این اے ایک سو بیس کے ضمنی انتخابات اور آئینی ترامیم کے بارے میں مشاورت کی گئی ۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف، وزیر خارجہ خواجہ آصف، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، حمزہ شہباز اور رانا ثناء اللہ کے علاوہ دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ دوسری جانب نون لیگ کے سینئر رہنما نوازشریف کی حمایت میں میدان میں اترے ہوئے ہیں ۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نےکہا کہ اُن کے دل سے اب بھی نوازشریف کے لئے وزیراعظم کا لفظ ہی نکلتا ہے ۔اُنہوں نے آئین میں ترمیم کے حوالے سے اپوزیشن کی تنقید کو مسترد کردیا ۔ دوسری طرف اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم قانونی جنگ کے ساتھ ساتھ رابطہ عوام مہم بھی جاری رکھیں گے ۔