Thursday, April 25, 2024

نواز شریف کا طبی معائنہ، پلیٹ لیٹس پھر کم، تعداد 40 ہزار پر آگئی

نواز شریف کا طبی معائنہ، پلیٹ لیٹس پھر کم، تعداد 40 ہزار پر آگئی
November 2, 2019
لاہور (92 نیوز) سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کا سروسز ہسپتال میں 12 ویں روزبھی علاج جاری ہے، میڈیکل بورڈ نے طبی معائنہ کیا، پلیٹ لیٹس پھر کم ہوکر 40 ہزار پر آگئی، نواز شریف کے خون کے نمونے پتھالوجی لیبارٹری تجزیے کے لیے بھجوا دئیے۔ میڈیکل بورڈ ذرائع کے مطابق نواز شریف کو پلیٹ لیٹس برقرار رکھنے کے لیے دئیے جانے والے انجکشن بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہیں سٹرائیڈ گولی کے ذریعے دیے جانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، بلڈ شوگر لیول کنٹرول میں ہے، شوگر لیول کنٹرول میں آنے کے بعد پی ای ٹی سکین کا فیصلہ ہوگا۔ میڈیکل بورڈ ذرائع نے مزید بتایا کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس میں بہتری آ رہی ہے، 30 ہزار تک پلیٹ لیٹس سے نواز شریف کی صحت کو خطرہ نہیں ہوگا، ان کے جسم میں پانی کی مقدار متوازن ہے، نئی سی بی سی رپورٹ کے لیے نواز شریف کے خون کے نمونے لے لیے گئے ہیں۔ نواز شریف کی عارضہ قلب کے حوالے سے حالت بہتر ہے، دل کی تکلیف کے معاملہ پر نواز شریف نے بورڈ کو دوبارہ کوئی شکایت نہیں کی۔ سروسز اسپتال میں زیر علاج نوازشریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد گذشتہ 2 روز سے 51 ہزار پر برقرار تھی جبکہ آج میڈیکل بورڈ کے معائنہ پرپلیٹ لیٹس کی تعداد میں کمی نوٹ کی گئی۔ نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے اپنے ٹویٹ پیغام میں بتایا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی حالت بدستور تشویشناک ہے، ڈاکٹروں نے اسٹیرائیڈ کی خوراک کو کم کرنے کی کوشش کی، نوازشریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد دوبارہ کم ہوگئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بغیر تاخیر پلیٹ لیٹس گرنے کی وجہ کی تشخیص کی جانی چاہیے، خون کی زیادہ کلاٹنگ اور زیادہ پتلے ہونے کے درمیان معاملہ برقرار رکھنا ہے۔ گزشتہ روز نوازشریف کے پلیٹ لیٹس 51 ہزار تک پہنچ گئے تھے۔ سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کے لئے جنید صفدر سروسز اسپتال پہنچ گئے ہیں جبکہ مریم نوازشریف پہلے ہی والد کی تیمارداری کی غرض سے اسپتال میں موجود ہیں۔