Friday, April 26, 2024

نواز شریف کا صحت کی خرابی کے باوجود دوبارہ اسپتال جانے سے انکار

نواز شریف کا صحت کی خرابی کے باوجود دوبارہ اسپتال جانے سے انکار
March 5, 2019
 لاہور (92 نیوز) نواز شریف نے صحت کی خرابی کے باوجود دوبارہ اسپتال جانے سے انکار کر دیا۔ ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز گل نے کہا پنجاب حکومت کی جانب سے نواز شریف کو انُ کے مرضی کے اسپتال میں منتقل کرنے کا کہا گیا لیکن نواز شریف نے علاج کے لیے اسپتال جانے سے انکار کر دیا۔ نواز شریف نے کسی بھی اسپتال منتقل ہونے کے بجائے جیل میں ہی رہنے کو ترجیح دی۔ ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز گل نے کہا جس وقت بھی نواز شریف یا ان کا خاندان جس اسپتال میں کہے گا نواز شریف کو وہاں منتقل کر دیا جائیگا۔ دوسری طرف نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے والد کی حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیل میں ملاقات کے دوران نواز شریف کو انجائنا کا درد ہوا، علاج نہ ہوا تو نواز شریف کی جان کو خطرہ ہے۔ سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی حالت تشویشناک ہے، علاج نہ ہوا تو جیل میں ان کی جان کو خطرہ ہوسکتا ہے۔ مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران بھی انہیں انجائنا کا دورہ پڑا، نواز شریف نے بتایا کہ ایک ہفتے میں چار بار ایسا درد ہوا، تاہم وہ کہتے ہیں کہ اس بارے میں کسی کو بتائیں گے نہ شکایت کریں گے۔ والد کا ذکر کرتے ہوئے مریم کا اپنی ٹوئٹ میں مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کو کئی دن اسپتال میں رکھا گیا مگر علاج نہیں کیا گیا۔ نوازشریف کہتے ہیں کہ وہ اسپتال میں نہیں رہنا چاہتے۔