Friday, April 26, 2024

نواز شریف کا دورہ دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا عکاس ہے: امریکی محکمہ خارجہ

نواز شریف کا دورہ دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا عکاس ہے: امریکی محکمہ خارجہ
October 24, 2015
نیویارک (ویب ڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ نے وزیراعظم نواز شریف کی باراک اوباما اور جان کیری سے ملاقاتوں کو انتہائی کامیاب قرار دیا ہے۔ مارک ٹونر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کا دورہ امریکہ کے پاکستان کے ساتھ مضبوط اور بڑھتے ہوئے تعلقات کا عکاس ہے۔ امریکی دفتر خارجہ میں بریفنگ کے دوران مارک ٹونر کا کہنا تھا نواز شریف کے دورہ سے سکیورٹی، اقتصادی ترقی، تجارت، سرمایہ کاری، کلین انرجی ، نیوکلیئر سکیورٹی، ماحولیاتی تغیرات اور علاقائی استحکام کے شعبوں میں تعاون بڑھے گا۔ پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا امریکہ کا موقف بڑا واضح ہے کہ دونوں ممالک کو اپنے مسائل کا خود حل تلاش کرنا ہوگا اور سلامتی و تحفظ کے حوالے سے ایک دوسرے کے تحفظات دور کرنا ہوں گے اور کشیدگی کے خاتمے کیلئے مذاکرات کرنا ہوں گے۔ امریکہ سمجھتا ہے کہ مذاکراتی عمل سے مفاہمت اور تعاون کو فروغ ملے گا اورپاک بھارت تعاون نہ صرف ان کے اپنے بلکہ پورے خطے کے استحکام و سلامتی کیلئے اہم ہے۔ انہوں نے کہا وہ پاکستان کو لاحق واحد خطرے کے بارے نواز شریف کے خیالات پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا سب جانتے ہیں پاکستان دہشت گردی سے متاثرہے اور اس نے دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے کئی اہم اقدامات کئے ہیں۔ امریکہ چاہتا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں لیکن یہ عمل بہت پیچیدہ ہے کیونکہ ایک طرف افغانستان میں طالبان کا خطرہ موجود ہے تو دوسری طرف بھارت کے ساتھ کشیدگی ہے، ان مسائل کو حل کیا جانا چاہئے اور امریکہ سمجھتا ہے کہ کشیدگی کے خاتمے کیلئے دونوں ممالک کو مذاکرات کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کرنا ہوگا۔