Saturday, April 20, 2024

نواز شریف کا بیرون ملک جانے کیلئے سیکورٹی بانڈز کی شرط تسلیم کرنے سے انکار

نواز شریف کا بیرون ملک جانے کیلئے سیکورٹی بانڈز کی شرط تسلیم کرنے سے انکار
November 13, 2019
 لاہور (92 نیوز) نواز شریف بیرون ملک جانے کے معاملے پر ایک مرتبہ پھر ڈٹ گئے اور سیکورٹی بانڈز کی شرط تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے شہباز شریف کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا۔ حکومت کی جانب سے مشروط سکیورٹی بانڈ کے فیصلے پر ن لیگ کا عدالت سے رجوع کرنے کا امکان ہے۔ شریف فیملی کے اپنے وکلاء سے مشورے شروع ہو گئے۔ حکومت نے میاں نواز شریف کی طبیعت کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کو چار ہفتے کے لیے بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی ہے۔ وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے شہباز شریف کی درخواست آئی۔ اس کے ساتھ شریف میڈیکل سٹی کے بورڈ کی رپورٹ بھی ساتھ لگی تھی۔ نواز شریف کو ایک بار پھر بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ فروغ نسیم کا کہنا تھا نواز شریف کی حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے چار ہفتے کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا پنجاب میڈیکل بورڈ نے رپورٹ پیش کی تھی ۔ رپورٹ میں نواز شریف کی حالت سنجیدہ بتائی گئی۔  ذیلی کمیٹی کے اجلاس کے وقت نواز شریف کے پلیٹلیٹس پچیس ہزار کے قریب تھے۔ اس کے بعد ہم نے کابینہ کو رپورٹ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کابینہ کو بتایا کہ نوازشریف کی صحت ٹھیک نہیں ہے۔ نوازشریف کے دل کے 6 چھوٹے بڑے آپریشن ہو چکے ہیں۔ وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کابینہ نے فیصلہ کیا کہ نوازشریف کو باہر جانے کے لیے شورٹی بانڈ دینا پڑے گا۔ 2010ء کا ای سی ایل کا قانون ہے جس کے مطابق سزا یافتہ شخص کا نام ای سی ایل سے اس طرح نہیں نکالا جا سکتا۔