Friday, April 26, 2024

نواز شریف، مریم نواز کیخلاف چودھری شوگر ملز کیس کا تحریری فیصلہ جاری

نواز شریف، مریم نواز کیخلاف چودھری شوگر ملز کیس کا تحریری فیصلہ جاری
April 4, 2020
لاہور (92 نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے نواز شریف، مریم نواز اور یوسف عباس کے خلاف چودھری شوگر ملز کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا، جس میں لکھا گیا تینوں ملزموں کو ریفرنس دائر ہونے پر طلب کر لیا جائے گا۔ چودھری شوگر ملز کیس میں نواز شریف، مریم نواز اور یوسف عباس کے خلاف کیس کی سماعت لاہور کی احتساب عدالت میں ہوئی، عدالت نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف کیس کی فائل ریکارڈ روم میں بھجوا دی۔ فیصلے میں کہا گیا کہ تینوں ملزمان کی لاہور ہائیکورٹ سے ضمانتیں منظور ہو چکی ہیں، ابھی کارروائی کرنا ناممکن ہے، تحریری فیصلے میں عدالت نے ریمارکس دئیے ریفرنس کے بغیر کیس کی سماعت کرنا وقت کا ضیاع ہے۔ نیب کی جانب سے جب ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے گا توعدالت کارروائی شروع کر دے گی۔ لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد قائد مسلم لیگ ن علاج کی غرض سے برطانیہ میں موجود ہیں۔ ان کی صاحبزادی مریم نواز کا پاسپورٹ عدالت نے اپنے پاس رکھتے ہوئےان کی ضمانت بھی منظور کی تھی، جبکہ نواز شریف کے بھتیجے یوسف عباس کو بھی ضمانت منظور ہونے پر جیل سے رہا کر دیا گیا تھا۔