Saturday, April 20, 2024

نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی سزاؤں کے خلاف درخواستیں خارج

نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی سزاؤں کے خلاف درخواستیں خارج
August 31, 2018
لاہور (92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی سزاؤں کے خلاف درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی سزاؤں کے خلاف اورریفرنسز کی کارروائیاں روکنے کے لیے درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا ۔ لاہور ہائیکوٹ نے قرار دیا کہ اٹھارہویں ترمیم کے باوجود نیب قانون فیلڈ میں موجود ہے۔ نیب قانون کے تحت سنائی گئی سزائیں درست اور آئین کے مطابق ہیں۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے دلائل دیئے کہ سپریم کورٹ پہلے ہی نیب قانون کو اسفند یار ولی کیس میں درست قرار دے چکی ہے۔ نیب قانون آئین کے مطابق درست اور آئین کے خلاف نہیں۔ ایڈیشنل پراسکیوٹرجنرل نیب کامؤقف تھا کہ پارلیمنٹ سترہویں ترمیم کے ذریعے نیب قانون منظور کر چکی ہے، نیب کا قانون کالعدم قرار دینے سے احتساب کا عمل رک جائے گا اور ملک میں ایک بڑا خلا پیدا ہو جائے گا۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد نیب آرڈیننس انیس سوننانوے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، یہ ایک مردہ قانون ہے۔ نواز شریف،مریم نواز، کیپٹن صفدر اور شہباز شریف کے خلاف انکوائریاں غیر قانونی ہیں۔ اس قانون کے تحت شریف خاندان کے خلاف نیب انکوائریاں روکی جائیں۔ نیب آرڈیننس قانونی افادیت کھو چکا ہے لٰہذا آرڈیننس کے تحت نواز شریف اور دیگر کی سزا کو کالعدم قرار دیا جائے ۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ سابق وزیراعظم کے خلاف دیگر ریفرنسز پر کارروائی روکی جائے۔