Saturday, April 27, 2024

نواز شریف ضمیر کے سوداگر ،بھٹو عظیم لیڈر تھے،آصف زرداری بیماری ہیں : عمران خان

نواز شریف ضمیر کے سوداگر ،بھٹو عظیم لیڈر تھے،آصف زرداری بیماری ہیں : عمران خان
June 3, 2015
چلاس(92نیوز)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک دفعہ پھرتوپوں کا رخ وزیراعظم  نواز شریف اورسابق صدر آصف زرداری کی طرف موڑ دیا۔ کہتے ہیں نوازشریف عوام کے ضمیر کا سودا کرنا چاہتے ہیں جبکہ آصف زرداری جتنے بھی دعوے کرلیں، وہ کبھی ذوالفقار علی بھٹونہیں بن سکتے۔ چلاس میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے آصف زرداری اورنوازشریف  دونوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اوران کی سیاست کو مک مکا  قراردیا، کہنے لگے کہ نواز شریف عوام کے ضمیر کا سودا کرنا چاہتے ہیں آپ چاہے ن لیگ سے اپنا ہی پیسہ وصول کرلیں لیکن ووٹ ن لیگ کونہ  دیں۔ کپتان نے توپوں کارخ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین  آصف زردرای کی طرف موڑتے ہوئے کہاکہ آصف زرداری ملک میں کئی  پریشانیوں کی جڑ ہیں، وہ  ذوالفقارعلی  بھٹو کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ عمران خان نے ایک بارپھر دعوی کیا کہ یہ انتخابات کا سال ہے،گلگت بلتستان کو قدرت نے بہت سے وسائل عطا کئے ہیں،جن کو استعمال کرکے ہر گھر سے بے روزگاری ختم کی جاسکتی ہے، تحریکِ انصاف جیتی تو وہ گلگت بلتستان میں غربت کا خاتمہ کردے گی۔