Thursday, April 25, 2024

نواز شریف سات روز سے اسپتال میں زیر علاج ، طبیعت بدستور ناساز

نواز شریف سات روز سے اسپتال میں زیر علاج ، طبیعت بدستور ناساز
October 28, 2019
لاہور  ( 92 نیوز) قائد مسلم لیگ ن نواز شریف گزشتہ سات روز سے لاہور کے سروسز اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ان کی طبیعت ناساز ہے ۔ نواز شریف کو پلیٹ لیٹس کی کمی اور دل کی تکلیف کا سامنا ہے جب کہ آئی وی آئی جی انجکشن اور سٹیرائیڈز دینے سے گردوں کے مسائل بڑھ گئے ہیں ۔ گزشتہ روز نواز شریف کے پلیٹ لیٹس 45 ہزار سے کم ہو کر 25 ہزار پر آگئے تھے ،  10 رکنی میڈیکل بورڈ کی جانب سے دل کی بیماری میں استعمال ہونے والی دوائی کو فوری روک دیا گای  جب کہ میڈیکل بورڈ کی جانب سے مزید ٹیسٹ تجویز کئے گئے ۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کو سٹیرائیڈز انجکشن سولو میڈرول اور آئی وی آئی جی  دینے سے گردے متاثر ہو رہے ہین جب کہ رینل فنکشنل ٹیسٹ میں بلڈ یوریا اور کریٹینن معمول سے زیادہ آیا ہے ۔ تازہ ٹیسٹ رپورٹس کے مطابق نواز شریف کا بلڈ پریشر اور شوگر کنٹرول سے باہر ہو رہا ہے ، دوسری جانب پلیٹ لیٹس پر کنٹرول کرنے سے دل کی بیماریاں جب کہ دل اور پلیٹ لیٹس کنٹرول کرنے سے  گردوں کے مسائل آرہے ہیں ۔ اسپتال ذرائع کے مطابق نواز شریف کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر بورڈ کسی دوسرے اسپتال منتقلی کا مشورہ نہیں دے گا جب کہ مریم نواز ، والدہ شمیم بیگم بھی نواز شریف کی تیمار داری کیلئے  اسپتال میں موجود ہیں ۔