Thursday, May 9, 2024

نواز شریف اور پی ٹی آئی کے جہانگیر ترین تاحیات نااہل قرار

نواز شریف اور پی ٹی آئی کے جہانگیر ترین تاحیات نااہل قرار
April 13, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نےآرٹیکل باسٹھ ون ایف کے تحت ارکان پارلیمنٹ کی نااہلی کی مدت سے متعلق کیس کامحفوظ فیصلہ سنا دیا ۔ نواز شريف اور جہانگير ترين کی نااہلی تاحیات ہو گی۔ نا اہل وزیر اعظم پر سیاست کے دروازے ہمیشہ کے لیے بند ہو گئے ۔ ارٹیکل باسٹھ ون ایف کیس کافیصلہ جسٹس عمر عطا بندیال نے پڑھ کر سنایا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق آرٹیکل باسٹھ ون ایف کے تحت نااہلی کا فیصلہ مستقل ہے ۔ رکن پارلیمنٹ کیلئے صادق اور امین ہونا ضروری ہے۔ 17اے کے تحت حق ختم نہیں کیا جا سکتا  ۔ جب تک عدالتی ڈیکلریشن موجود ہے،نااہلی رہےگی ۔ عدالتی فیصلے کے مطابق جو صادق اور امین نہ ہو اسے آئین تاحیات نااہل قرار دیتا ہے۔ جسٹس شیخ عظمت سعید نے الگ نوٹ  لکھا کہ آرٹیکل باسٹھ ون ایف اسلامی اقدار کے عین مطابق ہے ۔ نا اہلی مخصوص مدت تک قرار دی جائے تو شق کی افادیت ختم ہو جائے گی۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ نے 10 سماعتوں کے بعد 14 فروری 2018 کوفیصلہ محفوظ کیا تھا۔ آرٹیکل 62 ون ایف کی تشریح کے کيلئے 13 درخواستوں پر سماعت کی گئی۔ سپریم کورٹ نے پاناما کیس ميں 28 جولائی 2017 کے فیصلےمیں نواز شریف کونااہل قراردیا تھا ۔ گذشتہ برس 15 دسمبر کوعدالت عظمیٰ نے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کو بھی نااہل قرار دیا تھا۔