Tuesday, April 23, 2024

نوازشریف اور مریم نواز لاہور ائیرپورٹ سے گرفتار،اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا

نوازشریف اور مریم نواز لاہور ائیرپورٹ سے گرفتار،اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا
July 14, 2018
راولپنڈی ( 92 نیوز ) سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مریم نواز کو  لاہور ائیرپورٹ سے گرفتار  کر کے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ شام 8 بجکر 44 منٹ پر لاہور ائیرپورٹ پہنچے جہاں  نیب اور ایف آئی اے نے اے ایس ایف کے ہمراہ دونوں کو جہاز سے ہی گرفتار کر لیا، جہاز میں مسلم لیگ ن کے ارکان کی  اہلکاروں سے ہاتھا پائی بھی ہوئی مگر اہلکاروں نے مجرموں کو گرفتار کر کے جہاز سے اتار لیا۔ نواز شریف اور مریم نواز کو طیارے سے اتارنے کے بعد گاڑی میں سوار کیا گیا، نواز شریف نے ابتدا میں بیٹھنے سے انکار کیا مگر بعد میں بیٹھ گئے ، جس کے بعد گاڑی کے ذریعے نوازشریف اور مریم نواز کو خصوصی طیارے میں بیٹھا کر پہلے اسلام آباد اور پھر اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ اسلام آباد ائیرپورٹ پر نیب کی ٹیم نے مجرموں کو حراست میں لیا ، دوسری جانب احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے مجرموں کی جیل منتقلی کے احکامات جاری کئے ۔ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے مجرموں کو نیب عدالت میں پیش نہیں کیا گیا ۔ دوسری جانب چیف کمشنر اسلام آباد نے سہالہ ریسٹ ہاؤس کو سب جیل قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری   کر دیا،اڈیالہ جیل میں  میڈیکل چیک اپ کے بعد مریم نواز کو سب جیل سہالہ ریسٹ ہاؤس میں منتقل کیا جائے گا۔