Monday, May 13, 2024

نواز شریف اور آصف زرداری کی سیاست ختم ہو چکی، شیخ رشید

نواز شریف اور آصف زرداری کی سیاست ختم ہو چکی، شیخ رشید
November 16, 2019
لاہور (92 نیوز) نواز شریف اور آصف زرداری کی سیاست ختم ہو چکی ہے، وزیر ریلوے شیخ رشید کہتے ہیں وزیراعظم عمران خان نے صرف یہی کہا ہے کہ پیسے دو اور چلے جائو، نوازشریف کے معاملے پر جیسی صورتحال بنی ہے، اس سے دونوں پارٹیوں کیلئے راستہ نکل رہا ہے، تحریک انصاف کو لوگوں نے احتساب کیلئے ووٹ دیا ہے۔ وزیر ریلوے نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نواز شریف کل جائیں پرسوں جائیں معاملہ سب کو پتہ ہے، خورشید شاہ کے علاوہ آصف زرداری اور ان کے سب ساتھی پلی بارگین کی طرف جا رہے ہیں، پاکستان کی سیاست اور عمران خان کی سیاست کے حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ میں نے فضل الرحمان کو پہلے کہا تھا کہ جنگ اور سیاست میں موسم کو دیکھا جاتا ہے ، عمران خان نے اکیلے دھرنا دیا تھاجبکہ مولانا کے دھرنے میں نا پیپلز پارٹی آئی اور نا ہی ن لیگ نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ روڈ بلاک کرنے سے لوگوں کو جو نقصان پہنچے گا اس کی سزا مولانا کی سیاست کو ملے گی ،فضل الرحمان نے کھایا پیا کچھ نہیں بس 12 روپے کا گلاس توڑ دیاپر دھرنا بہت عقلمندی سے ختم کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے ایشو کو ہمیں آگے لیکر جانا ہے، ایم کیو ایم اور ق لیگ عمران خان کے پاس سے کہیں نہیں جاتیں، میری پارٹی کی سیاست کبھی ختم نہیں ہو سکتی۔