Thursday, April 25, 2024

نواز شریف 16 ماہ قبل لندن سے واپس آنے کے بعد پھر لندن پہنچ گئے ‏

نواز شریف 16 ماہ قبل لندن سے واپس آنے کے بعد پھر لندن پہنچ گئے ‏
November 20, 2019
لندن ( 92 نیوز) سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف  16 ماہ قبل لندن سے واپس آنے کے بعد علاج کی غرض سے لندن پہنچ گئے۔ نواز شریف 42 ماہ قبل بھی علاج کیلئے لندن گئے تھے اور واپس آ گئے تھے ،  اس کے علاوہ  نواز شریف بیگم کلثوم نواز کی عیادت کیلئے لندن گئے تھے لیکن احتساب عدالت سے سزا ملنے کے بعد واپس آگئے تھے۔ اب سوال اٹھ رہے ہیں کہ کیا سابق وزیر اعظم نواز شریف علاج کے بعد لندن سے واپس لوٹیں گے یا نہیں ،  لیکن شواہد اور تاریخ بتاتی ہے کہ وہ احتساب عدالت سے سزا پانے کےباوجود وطن لوٹ آئے تھے۔ سابق وزیر اعظم 42 ماہ میں دوسری مرتبہ علاج کیلئے لندن گئے ہیں ، انہیں  22 مئی 2016 کو دل کی سرجری کیلئے جانا پڑا تھا اور ڈیڑھ ماہ رکنا پڑا تھا ،  ان کے سیاسی حریفوں نے ان کی دل کی سرجری کو اس وقت بھی مشکوک قرار دیا تھا۔ میاں نواز شریف اپنی بیٹی مریم نواز کے ہمراہ  بیگم کلثوم نواز کی عیادت کیلئے 5 دسمبر 2017 کو لندن میں پانچ دن کیلئے گئے تھے  ،  لیکن نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کو کلثوم نواز کی صحت کے حوالے سے ڈاکٹرز کے مشورہ کے بعد لندن میں قیام طویل کرنا پڑا۔ چھ جولائی 2018  کوایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد نواز شریف اپنی بیٹی مریم نواز کے ہمراہ 11 جون  2018 کو گرفتاری دینے کے لئے پاکستان آ گئے تھے۔ احتساب عدالت نے آمدنی سے زائد اثاثے بنانے پر مجرم ٹھہرائے جانے پر سابق وزیراعظم نواز شریف کو 10 سال مریم نواز کو 7 سات سال جبکہ ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال کی سزا سنائی تھی۔