Friday, April 26, 2024

نواز ، زرداری جیسے حکمرانوں کے ہوتے ہوئے دشمنوں کی ضرورت نہیں ، عمران ‏خان ‏

نواز ، زرداری جیسے حکمرانوں کے ہوتے ہوئے دشمنوں کی ضرورت نہیں ، عمران ‏خان ‏
April 21, 2019

کوئٹہ ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کوئٹہ میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا،اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور  آصف  زرداری جیسے حکمرانوں کے ہوتے ہوئے دشمنوں کی ضرورت نہیں۔

وزیر اعظم عمران ‏خان ‏نے کوئٹہ میں  نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب  میں شہیدوں کے اہلخانہ کے لئے  دو فیصد کوٹہ مختص کر دیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران ‏خان ‏ کا کہنا تھا کہ  گزشتہ دس سال سے ہزارہ برادری کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے ۔ ایسے واقعات میں ملوث سماج دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور عوام کی بیش بہا قربانیوں کی بدولت وطن عزیز قائم ہے، شہداء کے پسماندگان کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے ،ان کی کفالت ہماری ذمہ داری ہے۔

وزیر اعظم نے ہزار گنجی میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین  سے ملاقات کی اور  تعزیت کا اظہار کیا ۔ وزیر اعظم نے  شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی ۔

وزیر اعظم نے ہزارہ برادری کے وفد سے ملاقات کی اور شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے اپوزیشن کو  تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ پہلے ڈاکو اسمبلیوں میں نظر آتے تھے، طاقت ور کیلئے الگ اور کمزور کیلئے الگ قانون تھا۔

 عمران ‏خان ‏ نے کہا کہ بڑے بڑے ڈاکو پکڑے جارہے ہیں، پہلے صرف غریب جیل میں جاتے تھے،شریف خاندان ان کے بچے، زرداری اور اومنی گروپ نے ملک کو لوٹا،ملک کیسے چل سکتا ہے جب بار بار ڈاکو آکر بیٹھ جائیں۔

 وزیراعظم عمران ‏خان ‏ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 سال سے اس ملک کو بے دردی سے لوٹا اور مقروض کیا گیا، سابق حکمرانوں نے ملک کے ساتھ وہ کیا جو دشمنوں نے نہیں کیا، جو بھی ہو ہم نے انہیں سزائیں ضرور دلوانی ہے، یہ  حکومت اس لئے گرانا چاہتے ہیں کہ ان کی کرپشن بے نقاب نہ ہو، اسی لیے یہ کہہ رہےہیں جلدی سےعمران خان کی حکومت گراؤ۔

وزیر اعظم عمران ‏خان ‏ کا اپنے خطاب میں  کہنا تھا کہ وفاق کو 700ارب کے خسارے کا سامنا ہے، نیا پاکستان نچلے طبقے کو اوپر لائے گا،

پہلی مرتبہ ملک  میں بڑے ڈاکوؤں پر ہاتھ ڈالا جارہا ہے، ملک کو لوٹنے والوں کوسزائیں اس لیے دینی ہیں تاکہ  لوگوں کے لیے عبرتناک ہو ، ملک کے حالات اچھے نہیں ہیں تو باہر سے سرمایہ کار کیوں آرہے ہیں۔

 وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان کو ’’روندو کھلاڑی‘‘ قرار دیدیا اور کہا کہ  جب سے مولانا فضل الرحمان کی وکٹ گری ہے تو کہتا ہے نہ کھیلوں گا نہ کھیلنے دوں گا۔