Friday, April 19, 2024

نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا

نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا
August 20, 2018
لاہور ( 92 نیوز) نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گورنر ہاؤس میں وزارت اعلیٰ کے منصب کا حلف اٹھا لیا ، قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نےسردار عثمان بزدار سے  حلف لیا۔ حلف برداری کی  تقریب میں نامزد گورنر پنجاب چوہدری سرور، عبدالعلیم خان، میاں محمود الرشید، ڈاکٹر یاسمین راشد، عسکری اداروں کے افسران سمیت دیگر افراد نے شرکت کی ۔ حلف اٹھانے کے بعد پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ  سردار بزدار کا کہنا تھا کہ قوم کا پیسہ قوم پر ہی خرچ ہوگا۔ پنجاب کے نئے وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کا تعلق جنوبی پنجاب کے علاقہ تونسہ شریف سے  ہے ، یہ علاقہ پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں شمار کیا جاتا ہے ۔ وزیر اعظم پاکستان وچیئرمین پاکستان تحریک انصاف  عمران خان کی جانب سے  تمام بڑے بڑے عہدے پسماندہ علاقوں سے آنے والے افراد کو دینے کا عمل ان علاقوں کی احساس محرومی مٹانے کی کوشش ہے ۔ عام انتخابات 2018 میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ ن میں تخت لاہور کیلئے جنگ بھی دلچسپ رہی جس میں  دونوں جماعتوں کے مابین  فرق زیادہ نہ تھا مگر آزاد ارکان کی شمولیت اور حمایت کے بعد پاکستان تحریک انصاف حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی اور  ووٹنگ کے عمل میں  دس سال بعد صوبے کی حکمران جماعت  مسلم لیگ ن  کو اپوزیشن میں بیٹھنا پڑا۔