Friday, April 26, 2024

نو مسلم لڑکیوں کا کیس، عدالت کاتحقیقات کیلئے کمیشن تشکیل دینے کا حکم

نو مسلم لڑکیوں کا کیس، عدالت کاتحقیقات کیلئے کمیشن تشکیل دینے کا حکم
April 2, 2019

اسلام آباد ( 92 نیوز) گھوٹکی کی نو مسلم لڑکیوں کے کیس میں  اسلام آباد ہائیکورٹ نے معاملے کی تحقیقات کیلئے کمیشن تشکیل دینے کا حکم  دے دیا۔

گھوٹکی میں دونوں بہنیں خود مسلمان ہوئیں یا زبردستی مذہب تبدیل کرایا گیا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحقیقات کیلئے پانچ رکنی کمیشن تشکیل دے دیا۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی ، عدالت نے ریمارکس دیے کہ اسلام تو اقلیتوں کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے ،ہمارا دنیا میں کیا تاثر جارہا ہے،ریاست کو شرمندہ نہ کرائیں۔

عدالت نے سیکرٹری داخلہ کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کیا،دوران سماعت عدالت نے وزیراعظم کی انکوائری کردہ رپورٹ بارے استفسار کیا تو وزارت داخلہ کے نمائندے نے آگاہ کیا کہ ہمیں کل عدالتی احکامات ملے ہیں۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے کہ صوبائی اور وفاقی حکومت ہی کچھ نہ کرے تو عدالت کیا کرے،استفسار کیا گھوٹکی میں ہی کیوں یہ معاملہ بار بار سامنے آرہا ہے؟ ۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے رکن اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار کو مخاطب کیا  کہ آپ حکمران جماعت سے ہیں پارلیمنٹ میں معاملہ اٹھائیں ،یہ اسلامی ویلفیئر ریاست ہے، دیکھیں نیوزی لینڈ میں کیا ہوا ۔

عدالت نے مفتی تقی عثمانی،  شیریں مزاری، خاور ممتاز ، ڈاکٹر مہدی حسن اور آئی اے رحمان پر مشتمل تحقیقاتی کمیشن تشکیل دے دیا ، وزیراعظم کی انکوائری کردہ رپورٹ بھی طلب کرلی ۔

کیس کی سماعت 11 اپریل کو دوبارہ ہوگی۔