Wednesday, April 24, 2024

ننھی کلی کے قتل پر ملک بھر میں فضا سوگوار ،ہر آنکھ اشکبار

ننھی کلی کے قتل پر ملک بھر میں فضا سوگوار ،ہر آنکھ اشکبار
January 11, 2018

اسلام آباد ( 92 نیوز ) ننھی کلی کے قتل پر پورے ملک کی فضاء سوگوار ہے جبکہ ہر آنکھ اشکبار ہے اور ہرطرف انصاف کی پکار ہے ۔

اسلام آباد کی قائداعظم یونیورسٹی اور جامعہ اردوکے طلبہ کلاسز چھوڑ کر سڑکوں پر نکل آئے اور قاتلوں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اب چپ نہیں بیٹھیں گے۔

طلبہ کے ساتھ ساتھ شہر اقتدار کے وکلاءبھی غمگین ہیں ۔ وکلاءنے ضلعی عدالتوں کا بائیکاٹ کیا ۔ اسلام آباد بار کے سیکرٹری چوہدری نصیر کا مطالبہ تھا کہ مجرموں کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

دوسری جانب راولپنڈی میں بھی شہریوں نے پلے کارڈز اٹھا کر سانحہ قصور کےخلاف احتجاج کیا  ۔

کراچی میں بھی سول سوسائٹی، طلبہ اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا زینب کے قاتل کو فوری گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔

کلفٹن میں تین تلوار کے قریب فنکار اورشہری بینر اٹھائے زینب کے لئے انصاف مانگتے رہے ۔ مظاہرین کاکہناتھاکہ حکمراں جان ومال کے تحفظ  میں ناکام ہیں ۔

فٹ پاتھ اسکول کے طلبا نے بھی زینب کوانصاف دلوانےکےلئے احتجاج کیا ۔ طلبا نے پلے کارڈز اٹھاکر زینب  کوانصاف دلوانےکامطالبہ کیا۔

کراچی پریس کلب کے باہر سول سوسائٹی کے مظاہرے میں ارکان اسمبلی اور میئر کراچی وسیم اختر نے شرکت کی ۔  7سالہ زینب کی یاد میں کراچی پریس کلب میں پی ٹی آئی کی جانب سے شمعیں روشن کی گئیں ۔