Wednesday, May 1, 2024

ننھی زینب قتل کیس ، مجرم عمران کو سرعام پھانسی دینے کی درخواست مسترد

ننھی زینب قتل کیس ، مجرم عمران کو سرعام پھانسی دینے کی درخواست مسترد
October 16, 2018
لاہور (92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے ننھی زینب کے قتل کیس کے مجرم عمران کو سرعام پھانسی دینے کیلئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔ لاہورہائیکورٹ نے زینب قتل کیس میں سرعام پھانسی دینے کے لئے کیس کی سماعت کی۔ جسٹس سردار شمیم احمد خان اور جسٹس شہباز علی رضوی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔ عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔ صوبائی سیکرٹری داخلہ کی جانب سے لاء افسر نے جواب داخل کرایا۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ قانون میں کوئی ایسی شق نہیں جس کے تحت ملزم کو سرعام پھانسی دی جاسکے۔ سرعام پھانسی کے معاملے پر سپریم کورٹ تفصیلی فیصلہ جاری کر چکی ہے۔ ننھی زینب کے والد حاجی امین کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی کہ زینب کے قاتل عمران کو سرعام پھانسی دی جائے۔ زینب کے والد امین انصاری اور ان کے وکیل نے میڈیا سے بات چیت میں کہا زینب کے قاتل کو سر عام پھانسی دی جائے  تو ہم خرچہ اٹھانے کو تیار ہیں۔ زینب قتل کیس کے مجرم عمران کو رات کو مقررہ وقت پر کوٹ لکھپت جیل میں تختہ دار پر لٹکا دیا جائے گا۔