Thursday, April 18, 2024

ننکانہ صاحب ، سید والا میں ہونے والے پولیس مقابلے کے دو الگ الگ مقدمات درج

ننکانہ صاحب ، سید والا میں ہونے والے پولیس مقابلے کے دو الگ الگ مقدمات درج
August 30, 2018
ننکانہ صاحب (92 نیوز) ننکانہ صاحب کے علاقے سید والا میں ہونے والے پولیس مقابلے کے دو الگ الگ مقدمات درج کر لئے گئے جن میں قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، پولیس مقابلہ کرنے اور دہشت پھیلانے سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں جبکہ ملزمان کی جیولر شاپ میں ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ۔ سید والا ننکانہ صاحب میں ایک روز قبل ہونے والے پولیس مقابلے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آ گئی۔ موٹرسائیکل سوار3 ملزمان جیولر شاپ میں گھس گئے جبکہ 3 دکان کے باہر موجود رہے۔ ملزمان نے ہوائی فائرنگ کر کے شہریوں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا اور بے خوف و خطر واردات کی۔ دوسری جانب سید والا پولیس نے ایک مقدمہ زرگر بشارت احمد کی مدعیت میں درج کیا جس میں دو افراد کو قتل ، 200 تولے سونا، 900 تولے چاندی اور 8 لاکھ سے زائد نقدی لوٹنے کی دفعات شامل کی گئیں۔ دوسرا مقدمہ پولیس سے مقابلہ کرنے اور دہشت پھیلانے پر درج کیا گیا۔ مقدمہ میں انسداد دہشت گردی سمیت آرمڈ ترمیمی آرڈیننس اور ایکسپلوزو کی دفعات بھی شامل ہیں ۔ پولیس مقابلہ کے دوران زرگر کا نوجوان بیٹا اور ایک راہ گیر خطرناک ملزمان کی فائرنگ کا نشانہ بنے۔ پولیس نے مقابلہ کرتے ہوئے چار ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا جبکہ ان کے دو ساتھی زخمی حالت میں فرار ہو گئے تھے۔