Tuesday, May 7, 2024

نندی پورپاورپراجیکٹ میں تاخیر،بابر اعوان اور راجہ پرویزاشرف کیخلاف ریفرنس دائر

نندی پورپاورپراجیکٹ میں تاخیر،بابر اعوان اور راجہ پرویزاشرف کیخلاف ریفرنس دائر
September 4, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) نیب راولپنڈی نے نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر پرسابق وزیر قانون بابراعوان اور سابق وزیر پانی وبجلی راجہ پرویزاشرف کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا۔ نیب اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ منصوبے میں 2 سال کی تاخیرسے لاگت میں 27 ارب کا اضافہ ہوا ، ملزمان نے دانستہ طور پر  غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر کے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔ نیب راولپنڈی نے پیپلزپارٹی کے سابق دور میں نندی پور پراجیکٹ میں دانستہ تاخیر کرنے کا کیس کھول دیا، منصوبے میں دوسال کی تاخیر سے لاگت میں 27 ارب کا اضافہ ہونے سے قومی خزانے پر بوجھ پڑا تھا۔ نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر کے معاملے پرنیب راولپنڈی نے سابق وزیر قانون بابر اعوان اور سابق وزیرپانی وبجلی راجہ پرویز اشرف کے خلاف احتساب عدالت اسلام آباد میں ریفرنس دائر کردیا ہے۔ سابق سیکرٹری وزارت قانون انصاف مسعود چشتی ،سابق سیکرٹری قانون انصاف ریاض کیانی، سابق سیکرٹری پانی وبجلی شاہد رفیع سمیت وزارت قانون کے تین سابق اعلی افسران کے  خلاف ریفرنس بھی دائر کیا گیا ہے ۔ نیب اعلامیہ میں کہا گیا ہے  کہ نندی پور منصوبہ میں تاخیر کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حکم پر تحقیقات کی گئیں۔ جسٹس( ر) رحمت جعفری کی سربراہی میں قائم کمیشن نے تمام ریکارڈ بیانات کا جائزہ لیکر رپورٹ دی،رپورٹ میں نندی پور منصوبہ میں تاخیر کا ذمہ دار وزارت قانون کوٹھہرایا گیا۔ نیب اعلامیہ کے مطابق نندی پور معاہدے کے لئے وزارت پانی و بجلی نے وزارت قانون سے رائے مانگی، وزارت قانون نے رائے دینے میں 2 سال لگا دیئے جس سے منصوبے میں 2 سال کی تاخیر ہوئی اور اسی باعث  لاگت میں 27 ارب کا اضافہ ہوگیا۔ نیب کا کہنا ہے کہ تحقیقات سے ثابت ہوا کہ ملزمان نے دانستہ طور پر اپنی  ذمہ داری احسن طریقہ سے ادا نہ کر کے قومی خزانے کو 27ارب کا نقصان پہنچایا ۔