Saturday, April 20, 2024

نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس ، ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ

نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس ، ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ
June 24, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) احتساب عدالت نے نندی پور پاور پراجیکٹ  ریفرنس میں ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا، رینٹل پاور پراجیکٹ ریفرنس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف پر آج بھی فردجرم عائد نہ ہو سکی ، فردجرم کےلئے نئی تاریخ 23 جولائی مقرر کردی گئی ۔ احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے نندی پور پاور پراجیکٹ  ریفرنس کی سماعت کی ، راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر ملزمان کی بریت کی درخواستوں  پر دلائل مکمل ہونے کےبعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ دوران سماعت راجہ پرویز اشرف کے وکیل نے کہا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ سے 425 میگا واٹ بجلی پیدا ہونی تھی ،  آج تک کوئی بجلی پیدا نہیں ہوئی۔ نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر کے حوالے سے ایک ریفرنس لاہور میں بھی زیر التوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014سے انکوائری شروع ہوئی تو 2017تک نیب نے کیا کیا؟، نیب نے جان بوجھ کر مناسب وقت کا انتظار کر کے ریفرنس فائل کیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کوبتایا کہ وزیراعظم کابینہ کے احکامات کے باوجود پراجیکٹ میں تاخیر کی گئی ،  پراجیکٹ میں تاخیر سے 27 ارب کا نقصان ہوا۔ دوسری جانب رینٹل پاور پراجیکٹ ریفرنس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر ملزمان کے خلاف  آج بھی فردجرم عائد نہ ہو سکی۔ احتساب عدالت نمبر ایک  کے جج محمد بشیر کے رخصت پر ہونے کے باعث سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی گئی۔ ملزم پر فرد جرم عائد کرنے کی نئی تاریخ 23 جولائی مقرر کی گئی ہے۔