Sunday, May 12, 2024

نمرتا ہلاکت کیس تاحال معمہ، موت کی وجہ سامنے نہ آسکی

نمرتا ہلاکت کیس تاحال معمہ، موت کی وجہ سامنے نہ آسکی
September 21, 2019
 لاڑکانہ (92 نیوز) نمرتا ہلاکت کیس تاحال معمہ بنا ہوا ہے۔ موت کی وجہ سامنے نہ آسکی۔ معاملے کی جوڈیشل انکوائری بھی شروع نہ ہو سکی۔ طالبہ نمرتا کی پراسرار موت  کے کیس میں پولیس نے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا۔ پولیس نے کالج کے سینئر پروفیسر، ملازمین سمیت 30 سے زائد افراد کے بیان قلمبند کر لیے ۔ کیس کی جوڈیشل انکوائری بھی شروع نہ ہو سکی۔ ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاڑکانہ کو کی گئی جوڈیشل انکوائری کی درخواست میں قانونی پیچیدگی حائل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر  اور ایس ایس پی کی جانب سے محکمہ داخلہ کو آگاہ کر دیا گیا۔ سندھ ہائی کورٹ کے رجسٹرار سے رجوع کرنے کا کہا گیا ہے۔ ادھر نمرتا کماری کی ایک اور ویڈیو نائنٹی ٹونیوز کو موصول ہو گئی۔ طالبہ  فیملی کے ساتھ انتہائی خوشگوار موڈ میں ہے۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ نمرتا کی طبیعت خوش مزاج تھی۔ وہ خودکشی کیسے کر سکتی ہے۔ پی ٹی آئی ایم این اے اور ہندو کونسل کے چیئرمین رمیش لال کی گھوٹکی میں نمرتا کے گھر آمد ہوئی جہاں انہوں نے ورثا سے اظہار افسوس کیا۔ اس موقع پر رمیش لال نے کہا واقعہ کی ذمہ دار کالج انتظامیہ ہے، شہادتیں ضائع کی گئیں۔ ادھر طالبہ کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے کشمور میں سول سوسائٹی کی  احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں ہندو برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔