Sunday, May 12, 2024

نمرتا کی موت ، سندھ حکومت کا جوڈیشل انکوائری کیلئے ڈسٹرکٹ سیشن جج لاڑکانہ کو خط

نمرتا کی موت ، سندھ حکومت کا جوڈیشل انکوائری کیلئے ڈسٹرکٹ سیشن جج لاڑکانہ کو خط
September 18, 2019
 کراچی (92 نیوز) لاڑکانہ میں آصفہ بھٹو میڈیکل کالج میں نمرتا کی پراسرار ہلاکت کے معاملے پر سندھ حکومت حرکت میں آگئی۔ کیس کی جوڈیشل انکوائری کیلئے ڈسٹرکٹ سیشن جج لاڑکانہ کو خط لکھ دیا ۔ سندھ حکومت نے اپنے خط میں کہا ہے کہ ایس ایس پی اور ڈی سی لاڑکانہ معاملے کی جوڈیشل انکوائری میں مکمل تعاون کرینگے۔ کیس کی جوڈیشل انکوائری ایک ماہ میں مکمل کرکے رپورٹ سندھ حکومت کو پیش کی جائے۔ قبل ازیں لاڑکانہ میں میڈیکل کی طالبہ نمرتا نے خود کشی کی یا قتل کیا گیا؟ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سے پتہ نہیں چل سکا تھا جبکہ پولیس نے 3 ساتھی طالبات کے ابتدائی بیانات قلمبند کرلئے تھے ۔ نمرتا کی آخری رسومات آبائی گائوں میرپور ماتھیلو میں ادا کر دی گئیں تھیں۔ لواحقین غم سے نڈھال ہیں، نمرتا کی ہلاکت کے خلاف شہر میں احتجاج کیا گیا تھا ۔ احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں سیاسی وسماجی رہنمائوں نے شرکت کی۔ کاروباری مراکز، دکانیں بند کر دی گئیں تھیں۔ پولیس سرجن نے بتایا تھا کہ متوفیہ کے جسم پر تشدد کا کوئی نشان موجود نہیں، گردن پر کوئی چیز باندھنے کا نشان ہے۔ پولیس سرجن کے مطابق حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ 5 دن بعد آئے گی۔ ساتھی طالبات کے مطابق نمرتا کسی ذہنی پریشانی میں مبتلا نہیں تھی۔