Saturday, April 20, 2024

نماز عید میں بھی ملک بھر کی مساجد میں کشمیریوں کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں

نماز عید میں بھی ملک بھر کی مساجد میں کشمیریوں کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں
August 1, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) نماز عید کے دوران بھی تمام مساجد میں کشمیر یوں کیلئےخصوصی دعائیں  مانگی گئیں، پاکستان کے عوام گزشتہ برس 5اگست  سےظلم سہتے کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،اس دوران ملک بھرمیں ریلیوں اور مظاہروں کا انعقاد کیاجاتا رہا ۔ خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں ظلم ، بربریت اور اذیت کے سلسلے کو تین سو ساٹھ روز سے زائد ہوچکے ۔ بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ وادی کی خصوصی حیثیت کے خاتمے  کے بعد وہاں لگائے گئے کرفیو اور فوجی محاصرے کے دوران مظالم کی نئی داستانیں رقم کی گئیں۔ پولیس مقابلوں اور سرچ آپریشنز کی آڑ میں کئی نوجوان کشمیریوں کو شہید کردیاگیا جب کہ وادی کو ایک جیل میں بدل کر مسلمانوں کو جسمانی اور ذہنی اذیت دی گئی۔ کشمیریوں پر ہونے والے ریاستی جبر اور تشدد کے خلاف نہ صرف پاکستان کی حکومت بلکہ عوام بھی سراپا احتجاج رہے،پاکستانیوں نے ہمیشہ نہتے کشمیریوں کی مکمل حمایت کی اور بھارت سے آزادی کے ان کے موقف کی مکمل تائید کرتے ہیں۔ کوئی بھی موقع ہو پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کو کبھی نہیں بھولے ،عیدالاضحیٰ کی نماز کے موقع پر پاکستان بھر کی مساجد میں کشمیر کی آزادی اور کشمیریوں کےمصائب میں کمی کی خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔