Friday, April 26, 2024

نقیب اللہ محسود کی ہلاکت کیخلاف عوام کا احتجاج ، بلاول بھٹو نے نوٹس لے لیا

نقیب اللہ محسود کی ہلاکت کیخلاف عوام کا احتجاج ، بلاول بھٹو نے نوٹس لے لیا
January 18, 2018

کراچی ( 92 نیوز )  مبینہ جعلی پولیس مقابلے میں نقیب اللہ محسود کی ہلاکت  کے خلاف عوام سراپا احتجاج بن گئے ۔ عوام کے احتجاج ، سوشل میڈیا پر مذمت اور خبروں پر چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نوٹس لے لیا ۔جبکہ سوشل میڈیا پر عمران خان نے بھی مذمت کی ۔

نقیب اللہ محسود کی مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت کیخلاف کراچی میں سول سوسائٹی اور طلبا سراپا احتجاج ہیں ۔ پختونخوا اسٹوڈنٹس فیڈریشن نے پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا اور واقعہ کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ۔

تحریک انصاف نے نقیب اللہ کیلئے اسمبلی میں آواز بلند کردی اور ماورائے عدالت قتل کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کروائی۔ خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ نقیب اللہ کو جعلی مقابلے میں مارا گیا ۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیرداخلہ سندھ ڈی آئی جی ساؤتھ کوتحقیقات کا حکم دےدیا ۔ محکمہ داخلہ نے نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا۔

سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں عمران خان نے کہا کہ پنجاب کی طرح سندھ پولیس کا حال بھی برا ہے ۔ راؤ انور نے نقیب محسود کو قتل کیا۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی لوگ سڑکوں پر آگئے اور احتجاج کیا ۔ احتجاج میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

دوسری جانب ایس ایس پی ملیر راو انوار کا کہنا ہے  کہ مارے جانے والے ملزم کا تعلق ٹی ٹی ٹی پی سے تھا ۔ جو 2009 میں فوجی قافلے پر حملے میں بھی ملوث تھا اور ایئر پورٹ پر حملے میں ملوث مولوی اسحاق کا قریبی ساتھی تھا ۔  میڈیا پر چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔