Thursday, May 2, 2024

نقیب اللہ قتل کیس ، راؤ انوار کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست مسترد

نقیب اللہ قتل کیس ، راؤ انوار کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست مسترد
January 10, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) سپریم کورٹ نے نقیب اللہ قتل کیس کے مرکزی ملزم راؤ انوار کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست مسترد کردی، چیف جسٹس ثاقب نثار نے واضح کیا کہ راؤ انوار لوٹا ہوا پیسہ بیرون ملک جمع کرانا چاہتا ہے، جب تک ٹرائل مکمل نہیں ہوتا ملزم پاکستان میں ہی رہے گا، پاسپورٹ ضبط کرنے کی بھی ہدایت کردی۔ نقیب اللہ قتل کیس کے مرکزی ملزم راؤ انوار نے  سپریم کورٹ سے  اپنا نام ای سی ایل سے نکالنے کی استدعا کر دی ، ملزم نے موقف اپنایا کہ ضمانت پر ہوں ،عمرے کی ادائیگی کیلئے جانا چاہتا ہوں ، بچے بھی ملک سے باہر ہیں ان سے بھی ملنا ہے ، عدالت جب بھی بلائے گی حاضر ہوتا رہوں گا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی زیر صدارت تین رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی ، دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ  راؤ انوار مفرور تھا، کیسے پکڑوایا، یہ ہمیں پتا ہے اور اب بری کیسے ہوگیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ دوران حراست ملزم کو تمام سہولیات دی گئیں، راؤ انوار نے تو جوان  بچہ مار دیا ،  خاندان بیرون ملک ہے تو  انکی فیملی کو بھی پاکستان بلا لیں ، ملزم لوٹا ہوا پیسہ بیرون ملک جمع کرانا چاہتا ہے، جب تک ٹرائل مکمل نہیں ہوتا راؤ انوار پاکستان ہی رہے گا ۔ عدالت نے راؤ انوار کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست مسترد کردی ، ساتھ ہی انکا پاسپورٹ بھی ضبط کرنے کی ہدایت کردی۔