Friday, May 17, 2024

نقیب اللہ قتل کیس ، راؤ انوار و دیگر ملزموں پر فرد جرم عائد

نقیب اللہ قتل کیس ، راؤ انوار و دیگر ملزموں پر فرد جرم عائد
March 25, 2019

کراچی ( 92 نیوز) نقیب اللہ قتل کیس میں مرکزی ملزم راؤ انوار سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی گئی ۔

انسداد دہشتگردی کی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت ہوئی ، عدالت نے مرکزی ملزم سمیت  دیگر ملزموں پر فرد جرم عائد کر دی ۔

عدالت میں موجود ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا ، عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کرلیا۔

رواں سال 24 جنوری کو انسداد دہشتگردی کی عدالت نے نقیب اللہ سمیت چار افراد کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے  ان پر درج پانچ مقدمات ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالت نے نقب اللہ  سمیت چاروں افراد کا قتل ماورائے عدالت قرار دیا تھا ۔ عدالت میں پیش کردہ رپورٹ کے مطابق   نقیب اللہ ، صابر، نذر جان اور اسحاق کو دہشتگرد قرار دے کر ویران مقام پر قتل کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق انکوائری کمیٹی اور تفتیشی افسر کو جائے وقوعہ ( پولٹری فارم ) میں گولیوں کے نشان اور دستی بم پھٹنے کے کوئی آثار نہیں ملے جو معاملے کومشکوک ثابت کرتا ہے ۔ جبکہ چاروں افراد کو کمرے میں قتل کرنے کے بعد اسلحہ و گولیاں رکھنے  کا اشارہ کرتا ہے ۔

ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے 13 جنوری 2018 کو ملیر کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں  نقیب اللہ محسود کو  دیگر تین ساتھیوں کے ہمراہ دہشتگرد قرار دیتے ہوئے مقابلے میں قتل کیا تھا۔