Thursday, April 18, 2024

نقیب اللہ قتل کیس، ایس ایس پی ملیر راؤ انوار عہدے سے برطرف

نقیب اللہ قتل کیس، ایس ایس پی ملیر راؤ انوار عہدے سے برطرف
January 20, 2018

کراچی (92 نیوز) نقیب اللہ قتل کیس میں ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو عہدے سے برطرف کر دیا گیا اور ان کا نام ای سی ایل میں بھی شامل کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی انوسٹی گیشن ملک الطاف کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا اور کراچی کے ایس ایس پی سٹی عدیل چانڈیو کو ایس ایس پی ملیر اور ایس ایس پی شراز نذیر کو ایس ایس پی سٹی تعیناتی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق راو انوار کا نام ای سی ایل میں شامل کر کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
ادھر تحقیقاتی کمیٹی نے راو انوار اور ملک الطاف کی معطلی کیلئے چیف سیکرٹری کو خط لکھنے اور پولیس مقابلے میں شامل تمام افسران کو معطل کر کے تادیبی کارروائی کی سفارش کی۔
کمیٹی نے نقیب اللہ کے خلاف درج مقدمے کی پانچ روز میں شفاف تحقیقات کرنے کی سفارش بھی کی۔
دوسری جانب تحقیقاتی کمیٹی کو جائے وقوعہ سے مزید شواہد مل گئے۔
چھ روز بعد گولیوں کے خول ملنا سوالیہ نشان بن گیا۔
راو انوار نے مقابلے میں حساس اداروں کی اطلاعات کا ذکر کیا تھا تاہم حساس اداروں نے اطلاع کی تردید کر دی۔
آئی جی سندھ نے نائنٹی ٹو نیوز کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ دونوں کو ہٹانے کا فیصلہ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کے بعد کیا گیا ہے۔ نقیب اللہ کے خلاف درج مقدمے کی شفاف تحقیقات کی جائےگی۔ تحقیقات میں پتہ چل جائے گا کہ کون کون سے لوگ ملوث ہیں۔