Thursday, April 25, 2024

نقصان میں چلنے والی گلف سٹیل مل بچے دے رہی ہے: عمران خان

نقصان میں چلنے والی گلف سٹیل مل بچے دے رہی ہے: عمران خان
January 18, 2017

اسلام آباد (92نیوز) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں جو چیزیں سامنے آ رہی ہیں یہ پوری قوم کی جیت ہے۔ آج نوازشریف کی ایک اور اسٹیل مل نکل آئی ہے، نقصان میں چلنے والی گلف اسٹیل نے بچے دینے شروع کر دیے ہیں۔

سپریم کورٹ میں پاناماکیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نواز لیگ پر برس پڑے اور کہا عدالت میں نوازشریف کی تلاشی قوم کی جیت ہے، شریف خاندان کی آج ایک اور اسٹیل مل نکل آئی ہے، ہمارے ملک میں باپ بچوں کوتحفے دیتا ہے۔

کرپشن کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف پرخوب تنقید کے تیر برسائے اور کہا ڈیووس میں نوازشریف کا کرپشن کے خلاف لیکچر دینا ایسے ہی جیسے الطاف حسین دہشت گردی کے خلاف بات کرنا شروع کردیں۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ چارٹر آف ڈیموکریسی مک مکا تھا۔ نوازشریف خود منی لانڈرنگ کرتےہیں، یہ آصف زرداری کا احتساب کیسے کرسکتے ہیں، یہ عدالتوں سے نہیں این آراو سے کلیئر ہوئے۔