Thursday, April 25, 2024

نفیسہ شاہ اور فیصل واؤڈا کی ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ

نفیسہ شاہ اور فیصل واؤڈا کی ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ
April 19, 2020
لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ سندھ کا ہاتھ جوڑنا کام آیا نہ ہی وزیراعظم کی درخواست کا کوئی اثر ہوا، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے رہنما کورونا کے معاملے پر سیاست کرنے سے باز نہ آئے، نائنٹی ٹو نیوز کے پروگرام میں نفیسہ شاہ اور فیصل واؤڈا نے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کردی۔ کورونا جیسا اہم مسئلہ بھی پاکستان کی سیاست کی نذر ہونے لگا، ایک دوسرے پر الزامات کا سلسلہ نہ تھم سکا، ایک طرف وزیراعلیٰ سندھ اور وزیراعظم عمران خان کورونا پر سیاست نہ کرنے کی اپیلیں کررہے ہیں تو دوسری طرف دونوں پارٹیوں کے رہنما باز نہیں آرہے۔ پروگرام نائنٹی ٹو نیو ایٹ 8 میں پیپلزپارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے تحریک انصاف کو کورونا وائرس سے بھی بڑی وبا قرار دے دیا۔ نفیسہ شاہ نے ابھی الزامات کی پٹاری کھولی ہی تھی کہ پروگرام میں موجود وفاقی وزیر فیصل واؤڈا نے بھی پیپلزپارٹی پر الزامات کی بوچھاڑ کردی۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان الزام تراشی کی سیاست کوئی نئی بات نہیں تاہم کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے کردار ادا کرنے کی بجائے ایک دوسرے کو مورد الزام ٹھہرایا جاتا رہا تو خدشہ ہے آنے والا وقت قوم کیلئے مشکل ثابت ہوگا۔